راولپنڈی، ساہیوال، پاکپتن میں منصوبوں کا افتتاح، پوری توجہ عوامی مسائل پر: محسن نقوی

Feb 04, 2024

لاہور‘ ساہیوال (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا راولپنڈی کے شہریوں کے لئے بڑا تحفہ۔ پیر ودھائی موڑ سے کچہری چوک تک سگنل فری کوریڈور بنے گا۔ منصوبے کے تحت 3 انڈر پاسز اور دو پروٹیکٹڈ یوٹرن بنائے جائیں گے۔ اصغر مال روڈ کی تعمیر و توسیع ہو گی۔ محسن نقوی نے پیرودھائی موڑ سے کچہری چوک تک سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد ر کھ دیا۔ راولپنڈی کے مصروف ترین چوراہوں پر ٹریفک لوڈ کم کرنے کے 7.6 کلو میٹر طویل سگنل فری کوریڈور میگا منصوبے پر 8.2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ راولپنڈی میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے اصغر مال روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا۔ لنک روڈز کی مرمت و بحالی سے شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے راولپنڈی میٹرو بس کے سکستھ روڈ سٹیشن، جمخانہ اور علامہ اقبال ای لائبریری کا افتتاح کر دیا۔ 9 مئی کے جلائو گھیرائوکے واقعات میں سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن کو نقصان پہنچایا گیا۔ محسن نقوی نے سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن کا دورہ اور ٹکٹ کائونٹر پر موجود عملے سے گفتگو کی۔ محسن نقوی نے راولپنڈی جم خانہ میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور سنوکر کھیلی۔ محسن نقوی نے جمخانہ کے تعمیراتی معیار اور سہولتوں کی تعریف کی اور کہا کہ تعمیر میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ کھیلوں کے تمام کورٹس کے علاوہ لائبریری اور ریسٹورنٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ آپ محنت سے پڑھائی کریں۔ لائبریری میں کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ نیٹ کی سہولت موجود ہے۔ دوسری جانب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں غیر معمولی رفتار سے ناصرف عوامی فلاحی منصوبوں کو مکمل کرایا ہے بلکہ وہ رات کو راولپنڈی ہوتے ہیں اور صبح لاہور، دوپہر کو پاکپتن، ساہیوال پہنچ جاتے ہیں اور شام کو لاہور واپس آ جاتے ہیں۔ محسن نقوی روزانہ تقریبا 16 سے 20 گھنٹے کام کرتے ہیں اور روزانہ 8 سے 10 عوامی منصوبوں کا دورہ کر کے پیشرفت کا خود جائزہ لیتے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں 16۔ 16 سال سے تعطل کا شکار منصوبوں کو ذاتی دلچسپی لے کر مکمل کرایا ہے اور انتہائی کم مدت میں فلائی اوورز کے پراجیکٹس کو مکمل کرایا ہے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق محسن نقوی نے ساہیوال کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دے دی جس کے تحت امن و امان برقرار رکھنے کیلئے شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سرجیکل ٹاور کا افتتاح کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ مرکوز رکھی اور صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت کے بڑے منصوبے مکمل کئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایم آرآئی کی جدید ترین مشین 72کروڑ روپے کی خطیر رقم سے جاپان سے درآمد کی گئی ہے۔ محسن نقوی کے دورہ ساہیوال کے موقع پر ساہیوال کی صحافی برادری نے لاہور سے باہر پریس کلبوں کو گرانٹس دینے کو خوب سراہا۔ وزیراعلیٰ نے ساہیوال بائی اوور ہیڈ برج کا بھی افتتاح کیا۔محسن نقوی نے ساہیوال اور پاکپتن  میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال میں 5 منزلہ سرجیکل ٹاور اور ایم آر آئی بلاک  میں رائل ہوٹل سے این 5تک فلائی اوور، ریلوے کراسنگ فلائی اوور، اولڈ جی ٹی روڈ اور دیپالپور حویلی لکھا روڈ،جھا ل روڈ تا این 5 تک بنائے گئے فلائی اوور، اپ گریڈڈ ماڈل تھانہ سول لائنز کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ساہیوال کے اپ گریڈڈ ماڈل تھانہ سول لائنز کا افتتاح کیا اور تھانے کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے پاکپتن میں مزار حضرت بابا فریدالدین گنج شکرؒ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور تھانہ فرید نگر کی اپ گریڈڈ عمارت کا افتتاح بھی کیا۔ مزار حضرت بابا فریدالدین گنج شکرؒ کا داخلی راستہ بہتر اور خوبصورت محرابیں بنائی جائیں گی۔ مزار بابا فرید میں لنگر خانہ، لائبریری، سماع ہال اور سرائے بھی بنائی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ چھوٹے شہروں کے صحافیوں کیلئے کالونی کا معاملہ دیکھ رہے ہیں۔ تھانے فرید نگر کی طرح باقی پولیس سٹیشن بھی اسی طرح آپ کو ملیں گے۔ پاکپتن میں یونیورسٹی اگلی حکومت بنائے گی۔ محسن نقوی نے حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے مزار سے ملحق بازار و دکانیں بندکرائے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ و پولیس کو بازار و دکانیں فوری طور پر کھولنے کا حکم دیا۔محسن نقوی کی الحمراء میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔ 480 کھلاڑیوں کے لئے تین کروڑ 90 لاکھ روپے کے انعامات دیئے۔ پنگ گیمز 2023ء میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 132 خواتین کھلاڑیوں کیلئے پچاس لاکھ روپے نقد انعامات دیئے گئے۔ محسن نقوی نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی دلجمعی کیلئے کیش پرائز کا سلسلہ چلتا رہے گا ،اگلے سال بھی کیشن پرائز دیئے جائیں گے۔

مزیدخبریں