اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، انتخابی عمل کے مشاہدے کے لئے مختلف ممالک کے 92 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے، یقین دلاتا ہو ں انتخابات پرامن ہوں گے، ملک میں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں، ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق حاصل ہے، انتخابات کے لئے وافر وسائل موجود ہیں، انتخابات میں 12 کروڑ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی امیدواروں اور کارکنوں کو دھمکانے، اغوا کرنے اور مہم چلانے کا موقع نہ دینے کے الزامات بے بنیادہیں۔پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے کے الزامات بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہیں۔ پی ٹی آئی کے جن امیدواروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ نو مئی کے واقعات اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا ہے کہ انتخابات سے متعلق انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ الیکشن پْرامن ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سیکیورٹی کی تیسری لیئر پاک فوج کے پاس ہوگی۔ عدالتی فیصلے پر نگراں حکومت کوئی بات نہیں کر سکتی۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ طالبان کے کابل حکومت سنبھالنے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ القاعدہ اور ٹی ٹی پی افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔نگراں وزیر نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جارہا ہے۔ انتخابات کے انعقاد میں صرف چار روز باقی رہ گئے ہیں۔ حکومت 8 فروری کو پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے معیشت کی بہتری کے لئے موثر اقدامات اٹھائے اور ڈالر کی قدر پر قابو پایا۔علاوہ ازیں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ شجرکاری ہمارا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے، درخت انسانی زندگی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ درخت انسانی زندگی کے لئے نہایت ضروری ہیں جو ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔