سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کرکہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے: نوازشریف

 گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے جناح اسٹیڈیم میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں کہ یوتھ ہمارے ساتھ ہے لیکن پاکستان کی اصل یوتھ میرے سامنے بیٹھی ہوئی ہے، اس یوتھ کے ساتھ نوازشریف کا دل دھڑکتا ہے جب تک نوجوانوں کو باعزت روزگار نہیں ملتا نوازشریف چین سے نہیں بیٹھے گا، ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان اپنے پاوں پر کھڑا نہیں ہوتا جاتا ،  ہم نہیں دنیا کہہ رہی ہے کہ نواز شریف کے دور میں کرپشن سب سے کم تھی بلکہ موٹر سائیکل، ٹریکٹر،گاڑیاں ، گیس، روٹی ،چینی ،پیٹرول اور بجلی کی قیمت بھی سب سے کم تھی اور ڈالر104کا تھا جوآج 290روپے کا ہوچکا ہے۔ میرے دور میں سی پیک آیا ۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تو آئی ایم ایف نے کہاکہ اب پاکستان کو ہماری ضرورت نہیں پڑے گی۔  یہ دھرنے دے رہے تھے اور ہم بجلی کے پلانٹ لگا رہے تھے اور موٹروے بنارہے تھے۔ لیکن نوجوانوں آپ نے گھبرانا نہیں،ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان اپنے پاوں پر کھڑا نہیں ہوتااور گھروں میں روشنی کے چراغ نہیں جل جاتے، ہم سب یہاں موجود ہیں ہم پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے، غربت اور بے روزگاری ختم کریں گے، اسکول، اسپتال اور موٹر وے بنائیں گے، جو مجھ سے پہلے شہباز شریف نے آپ سے وعدے کئے ہیں انہیں پورا کریں گے، ہم انشاء اللہ بجلی سستی کرینگے ،موٹر ویز بنائیں گے ،غربت ختم ہوگی ،سکول ،ہسپتال بنیں گے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہاکہ پچھلی حکومت نے نوازشریف کے ایک ایک منصوبے کو بے دردی سے ختم کیا ،پنجاب ڈیلایسز سنٹر اور جگر برباد کر دیا گیا۔ عمران خان دور حکومت میں گارے کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی جبکہ انکے دورمیں کرپشن دوبارہ 140پر چلی گئی۔ نوازشریف کے دور میں بجلی منصوبے لگے، بچوں کو تعلیمی وضائف اور لیپ ٹاپ دیئے، گوجرانوالہ میں میڈیکل کالج، گجرات یونیورسٹی بنائی، ترقی کی ایک عظیم داستان رقم کی، ابھی موازنہ کریں تو فیصلہ ہو جائے گا کہ نوازشریف بیمار ہے یا کوئی اور بیمارہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو دوبارہ موقع دیا تو وہ آپ کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ اور قلم دے گا، شہباز شریف نے کہاکہ 8فروری کو آپ نے ہیرپھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے کیونکہ اگر نوازشریف کامیاب ہوئے تو گوجرانوالہ میںاورنج ٹرین اور ارفع کریم یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ جلسہ سے ر خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو بتانا چاہتی ہوں کہ جب چار سال ملک میں نہیں تھے گوجرانوالہ نے ساتھ نہیں چھوڑا،پاکستان کا نقصان کرنیوالی وائرل بیماری ہمیشہ کیلئے ختم ہو گئی ہے ،جو وائرل بیماری آئی تھی اس کو سب سے پہلے گوجرانوالہ نے بھگایا تھا ،جو لانگ مارچ لائے تھے وہ گوجرانوالہ سے بھاگ گئے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا وہ جلسہ بھی گوجرانوالہ میں ہوا تھا جس نے بازی پلٹ دی تھی ،انتقام کی سیاست ختم کر کے ترقی کا سفر شروع کریں گے ، انہوں نے کہاکہ کسی نے آپ سے ایک کروڑ نوکریوںاور پچاس لاکھ گھروں کا جھوٹا وعدہ کیا تھالیکن نواز شریف نے وعدہ کیا ہے تو وہ اسے ضرور نبھائیں گے،نواز شریف نے روزگار دینے روٹی سستی کرنے اور ملک کی ترقی کا وعدہ کیا ہے وہ ہم نبھائیںگے۔

ای پیپر دی نیشن