لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ارض پاک کو نقصان پہنچانے کا عزم رکھنے والے مجرموں، غنڈوں اور دہشت گردوں کو شکست دے کر ریاست کو مضبوط بنا رہے ہیں، وطن عزیز کیلئے خون بہانا پڑا تو شہادت کو خوشی سے گلے لگائیں گے۔پنجاب پولیس میں ہیومن ریسورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے پروبیشنر ٹریننگ کورس کا آغاز کیا گیا ہے جسے مکمل کرنے والے افسران و اہلکار مزید بہتر انداز میں فیلڈ ڈیوٹی ادا کر سکیں گے۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیساتھ ساتھ پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے فورس کی جدید پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام کیا گیا ہے۔ پروبیشنر ٹریننگ کورس مکمل کرنے والوں میں 14 ایم فل، 01 سی اے، 05 ایم ایس، 86 ماسٹرز اور 280 بی اے، بی ایس کی ڈگریاں رکھنے والے افسران شامل ہیں جو پنجاب پولیس کے ہیومن ریسورس کے عکاس ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پروبیشنر افسران کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فرسٹ پروبیشنر ٹریننگ کورس مکمل کرنے والوں میں اے ایس آئی سے اے انسپکٹر رینک کے 397 افسران شامل ہیں جبکہ 71 لیڈی افسران نے بھی پہلا پروبیشنر ٹریننگ کورس مکمل کیا۔ آئی جی پنجاب نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، پاس آؤٹ ہونے والے پولیس افسران نے مارچ پاسٹ کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ٹریننگ مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں انعامات تقسیم کئے۔