لاہور(نیوز رپورٹر) ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے انتخابی منشور(Manifesto) میں ملک کے غریب عوام اور محنت کشوں کے جائز مطالبات جن میں ضروریات زندگی کی اشیاء میں بے پناہ مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے غربت دور کرنے اور ان کی اجرتوں میں مہنگائی کے تناسب سے کم ازکم 40 فیصدی فوری اضافہ کریں اور محنت کشوں کی محنت کی عزت یقینی بنانے، ملک میں کمسن بچوں اور خواتین و دیگر کارکنوں سے جبری محنت اور بچوں سے مشقت دور کرانے اور ملک میں جاگیرداری نظام کو ختم کیاجائے۔ ہر بچے اور بچی کو مفت معیاری تعلیم کی سہولت اور محنت کشوں کی آئین پاکستان کے مطابق تنظیم سازی اور حق خود ارادیت کے قوانین پر عمل یقینی بنایاجائے۔ معاشرہ میں غریب اور امیر کے مابین بے پناہ فرق دور کرنے کیلئے اصلاحات کا نفاذ کروائیں۔ یہ مطالبات آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز (رجسٹرڈ) کے اجلاس منعقدہ لیبرہال لاہو رمیں خورشیداحمد جنرل سیکرٹری کے زیر قیادت ایک قرار داد کے ذریعے کیے گئے اجلاس میںاکبر علی خان،اْسامہ طارق، نوشیر خان، صلاح الدین ایوبی، ارشد گجر،جاوید اقبال خان،حاجی یونس کمبوہ،رانا عبدالشکور، مظفرمتین ، رضوان منیر نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیاگیا کہ ملک میں فرسودہ لیبر قوانین کو آئی ایل او کے اصولوں کے مطابق مرتب کرکے نفاذ کیاجائے۔