کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری سے کام کے بعد گھر جانے کیلئے نکلنے والا شہری نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق شہری فخرعالم گزشتہ رات بارش کے بعد سے لاپتہ تھا جس کی لاش بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے پاس برساتی نالے سے ملی۔پولیس نے بتایاکہ برساتی نالے سے ملنے والی لاش بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی فخر عالم کی ہے، شہری فیکٹری سےکام کے بعد گھر کیلئے نکلا اور نالےمیں ڈوب گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہری 5 بچوں کا باپ تھا، کارروائی کے بعد لاش سردخانے منتقل کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ شب کراچی میں ہونے والی بارش کا پانی اب بھی مختلف مقامات پر موجود ہے جبکہ شہر میں برسات کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور کورنگی کازوے سے برساتی پانی کا اخراج جاری ہے۔کراچی میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے، ڈیفنس کورنگی روڈ پرپانی جمع اور ٹریفک جام ہونے سے کئی گاڑیاں خراب ہوگئیں اور شہر بھر میں معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی بھی معطل ہو گئی تھی۔