لاہور: پاکستان مسلم لیگ نے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیسے بانٹ کر شناختی کارڈ رکھے جا رہے ہیں تو یہ ووٹ کی بدترین توہین ہے، 8 فروری کا الیکشن ملک کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام آٹھ فروری کو جو فیصلہ کریں گے اسے ہم دل سے تسلیم کریں گے، الیکشن لڑنا ہر ایک کا حق ہے، بلاول بھٹو جہاں سے مرضی الیکشن لڑیں ان کا حق ہے، لیکن اگر پیسے بانٹ کر اور شناختی کارڈ رکھے جا رہے ہیں تو ووٹ کی بدترین توہین ہے۔انھوں نے کہا کراچی میں بارش کے بعد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، کل کراچی میں بارش کے بعد موازنہ ہوا یا نہیں، بلاول صاحب کل کراچی کی بارش نے ہمارا موازنہ کر دیا، شہباز شریف نے کہا ’’میرا دوست کہہ رہا تھا کہ مناظرہ ہو، کل کراچی ڈوب گیا آپ نے موازنہ دیکھ لیا، ایسا موازنہ لاہور میں ہوتا تو بلاول بھائی سے کہتا آئیں آپ میرے حلقے سے الیکشن لڑ لیں۔‘‘نیوز کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں ن لیگ سے مل کر حکومت نہیں بنائیں گے، اس پر آپ کیا کہتے ہیں، مسلم لیگ ن کے صدر نے جواب دیا ’’ہم نے کب کہا ہے کہ ہمارے ساتھ مل کر حکومت بنائیں، امید ہے سادہ اکثریت ملے گی، نہ ملی تو بعد میں سوچیں گے کیا کرنا ہے۔‘‘شہباز شریف نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے تعاون کرنا ہوگا.ہم مشاورت کے ساتھ چلیں گے اور پارلیمانی مشاورت کریں گے، کسی کے خلاف بھی جھوٹا مقدمہ بنانے کی روایت ختم ہونی چاہیے۔