گورنرپنجاب سلمان تاثیرکے قتل پروزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا، پرچم سرنگوں رہے گا۔ پنجاب حکومت نے کل صوبے بھرمیں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

Jan 04, 2011 | 23:07

سفیر یاؤ جنگ
صدرآصف علی زرداری اوروزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گورنرکے قتل کے بعد تمام سرکاری مصروفیات معطل کردی ہیں۔ وزیراعظم نے سلمان تاثیرکے قتل کوقومی سانحے قراردیتے ہوئے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، اس دوران تمام سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ منگل کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے بدھ کی شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کے قتل کے سوگ میں دو ہفتوں کے لئے پارٹی کی تمام تقریبات منسوخ کردی ہیں، پیپلزپارٹی بدھ کے روزسابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹوکی تراسی ویں سالگرہ کی تقریبات بھی نہیں منائے گی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب کا کہنا تھا کہ سلمان تاثیرکی موت عظیم شہادت ہے، پیپلزپارٹی دو ہفتوں کے لئے سوگ میں رہے گی۔
دوسری طرف ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سلمان تاثیرکے قتل پرتعزیت کی اور ان کے قتل کو قومی سانحہ قراردیا۔ انہوں نے اس موقع پر پیپلزپارٹی کے دو ہفتوں کے سوگ کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔ اُدھر اقلیتی امور کے وفاقی وزیر شہبازبھٹی کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری بھی گورنر سلمان تاثیرکی شہادت پردو ہفتوں کے لئے سوگ منائے گی۔
مزیدخبریں