دُبئی میں ن لیگ کی تقریب میں کارکنوںاورلیڈران نے شرکت کی

موجودہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے جس قدر کرپشن اس دور میں ہو رہی ہے اس قدر کرپشن سابقہ کسی حکومت کے دور میں نہیں ہوئی۔ زرداری اور اس کے ٹولے نے بدعنوانیوں اور کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ملک میں بدامنی، رشوتستانی، مہنگائی ،بے روزگاری،گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں رانا محمد ارشد صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ننکانہ صاحب، طارق باجوہ ایم پی اے،مسلم لیگ (ن) گلف ریجن کے نائب صدرچودھری محمدشفیع،جنرل سیکرٹری محمد افتخار بٹ، مسلم لیگ (ن) یو اے ای کے صدر چودھری محمد الطاف اور مسلم لیگ (ن) دبئی کے صدر عبدالوحید پال نے ایک تقریب کے دوران کیا۔ پاکستان سے آنے والے مہمانوں رانا محمد ارشد اور طارق باجوہ کے اعزاز میں منعقدہ دبئی میں ایک تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) متحدہ عرب امارات کے رہنماوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام مسلم لیگ (ن) گلف ریجن کے نائب صدر اور مسلم لیگ (ن) ضلع ننکانہ صاحب کے نائی صدر چودھری محمد شفیع نے کیا تھا۔ تقریب کے دوران چودھری محمد شفیع نے رانا محمد ارشد کے اپنے علاقہ میں کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی جبکہ رانا محمد ارشد نے اپنی تقریر میں کہا کہ چودھری محمد شفیع نے مسلم لیگ (ن) کے لئے بے بہا خدمات انجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی گرانقدر خدمات کے سلسلہ میں انہیں مسلم لیگ (ن) ننکانہ صاحب کا بھی نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ تقریب میں اہم مسلم لیگی کارکنوں اور لیڈران نے شرکت کی جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) گلف ریجن کے صدر چودھری نورالحسن تنویر، یونس پراچہ، چودھری صوفیہ انور، سید وقار گردیزی، ملک دوست محمد اعوان، راجہ ظہیر، جان قادر، چودھری خالد شیر، راو اکبر ساقی، انجینئر احسان اللہ، ڈاکٹر محبوب احمد، چودھری عبدالغفار، سلیم شہزاد اور ایم اے صوفی کے علاوہ بہت سے لیگیوں اور پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کے پاکستانیوں نے شرکت کی۔

............................
اگلے پانچ سالوں کی قیادت کا فیصلہ بیرونی طاقتیں نہیںپاکستان کی عوام کرے گی

................................
 2008ء کے این آر او کا ڈسا ہوا پاکستان اب 2013ء کے این آر او کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس لئے اب اگلے پانچ سالوں کے لئے قیادت کا فیصلہ بیرونی طاقتیں نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کریں گے۔ مشکلات اور مصائب میں گھری ہوئی پاکستانی قوم کو اب سیاسی افق پر صرف ایک ہی قابل اعتبار، تجربہ کار اور درخشندہ ستارہ نظر آ رہا ہے۔ جس کا نام محمد نوازشریف پاکستان میں ہواﺅں کا رخ اب پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ (ن) کے حق میں بدل چکا ہے اس لئے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ جوق درجوق مسلم لیگ ن میں شامل ہو رہے ہیں۔ان خیالات کااظہارلیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے دبئی میں بانی پاکستان قائد محمد علی جناح اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب کے دوران کیا۔تقریب کا اہتمام پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات نے کیا تھا جس میں مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چودھری نور الحسن تنویر۔ نائب صدرچودھری محمد شفیع،جنرل سیکرٹری افتخاربٹ مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر چودھری محمد الطاف، جنرل سیکرٹری شیخ محمدعارف، نائب صدر غلام مصطفیٰ مغل اورمسلم لیگ ن دوبئی کے صدر عبدالوحید پال کے علاوہ مسلم لیگ ن سعودی عرب اوربحرین کے اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ملک عبدالقیوم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی پالیسی کے مطابق مسلم لیگ ن کے دروازے پر نظریاتی ہم آہنگی رکھنے والے ہیں جو میاں صاحب کی قیادت میں پاکستان کی قسمت بدلنے کا متمنی ہے۔بیرون ملک پاکستانیوں کے بارے ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں نے ہمیشہ اپنے خون سے ملک کی آبیاری کی ہے۔جبکہ ایک سال میں سولہ ارب ڈالرز کی بھیجی ہوئی رقم غیر معمولی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن ملک میں بلٹ یا بوٹ سے نہیں بلکہ بیلٹ سے تبدیلی کی حامی ہے پی ایم ایل این پاکستان کے داخلی اورخارجی مسائل طاقت کی بجائے سیاسی بصیرت اور پرامن حکمت عملی سے حل کرنا چاہتی ہے ضمنی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے عبدالقیوم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی نے لٹیروں اور لینڈمافیاکی نیندیں حرام کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت ایک بار پھر آ گئی تو غریبوں کے چولہے دوبارہ جل پڑیں گے اور ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہو گا۔  

ای پیپر دی نیشن