الیکشن کمشن پر تحفظات ہیں‘ پیپلز پارٹی سے اتحاد قائم رہے گا : ق لیگ

Jan 04, 2013

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سنیٹر چودھری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے یہاں پارٹی کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم رہے گا اور آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گی۔ مسلم لیگ ق سائیکل کے نشان پر ہی الیکشن لڑے گی۔ اجلاس میں انتباہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اندر بعض غیرذمہ دار عناصر اتحاد کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ پیپلز پارٹی ان کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا التوا ہر گز قومی مفاد میں نہیں۔ ق لیگ بروقت انتخابات پر یقین رکھتی ہے۔ اجلاس ق لیگ سے وابستہ وفاقی وزرائ، مشیر، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلی کے ارکان، صوبوں کے پارٹی صدور، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سے پارٹی کے نمائندے ٹکٹ ہولڈر، سابق ضلعی ناظمین اور پارٹی عہدیدار شریک تھے۔ شجاعت حسین نے کہا کہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں اور الیکشن کمیشن پر مسلم لیگ ن کے سوا سیاسی جماعت کی اکثریت کو تحفظات ہیں جن کا ازالہ بہت ضروری ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن کمشن حالیہ ضمنی انتخابات میں دھاندلیاں روکنے میں ناکام رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کے پوسٹل بیلٹ اپنے حق میں ڈلوائے اور ہماری شکایات کو نظرانداز کر دیا گیا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ ملکی سیاست ق لیگ کا ایک اہم مقام ہے۔ ہم نے ایشوز کی سیاست کی اور پاکستان کے عوام ہماری کارکردگی کی بنا پر ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریف ہوں یا حلیف ق لیگ کسی کو اپنے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔ 

مزیدخبریں