کولکتہ (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ایڈن گارڈن سٹیڈیم کولکتہ میں بھارت کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ پاکستان اور بھارت کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں ہونے والا ون ڈے میچ جس میں پاکستان نے فتح حاصل کی، دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والا چوتھا ون ڈے میچ تھا اور پاکستان نے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے 1987ءسے 2004ءکے دوران بھارت کے خلاف اسی گراﺅنڈ میں تین ون ڈے میچز کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میدان پر پاکستان کا بھارت کے خلاف کامیابی کا تناسب 100 فیصد ہے۔ سپورٹس ڈیسک کے مطابق پہلا معرکہ فروری 1987ءمیں ہوا جب پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں دو وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ 1989ءمیں نہرو کپ میں پاکستان نے بھارت کو 77 رنز سے شکست دی تھی۔ 2004ءمیں پاکستان نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ 3 جنوری 2013ءمیں پاکستان نے بھارت کو 85 رنز سے ہرا کر مسلسل چوتھی مرتبہ ایڈن گارڈنز سٹیڈیم کولکتہ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔