جو دس سال بعد پاکستان آئے انہیں کوئی نہیں پوچھتا‘ عوام کا سمندر انقلاب لائیگا : طاہر القادری

Jan 04, 2013

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، 14 جنوری کو پاکستان بچانا ہے، سیاست ویاست ہمیں نہیں کرنی، علماءو مشائخ کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جن مشائخ کی سیاسی وابستگی ہے انہیں توڑنا نہیں چاہتے، عوام کا سمندر انقلاب لائے گا جو جمہوری روایات کے مطابق ہو گا۔ جو دس سال بعد پاکستان آئے انہیں کوئی نہیں پوچھتا، لانگ مارچ میں موٹروے پر نہیں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہونگے۔ لاہور سے تین لاکھ افراد کو لیکر اسلام آباد کی طرف مارچ کروں گا جہاں 40 لاکھ افراد کا اجتماع ہو گا۔ کارکن لانگ مارچ ایک چلہ سمجھیں اور اپنے ساتھ راشن کا ذخیرہ رکھیں کہ واپس نہیں آنا، نظام کو درست کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کا اس فرسودہ اور گلے سڑے نظام کیساتھ مزید گزارا ممکن نہیں۔ جمہوریت کیخلاف باتیں کرنے کے حوالے سے مجھے مطعون کرنے والے تبدیلی کے عمل کی شروعات سے خوفزدہ ہیں۔ سڑک پر آ کر ججز کی بحالی کا کریڈٹ لینے والے کہتے ہیں پارلیمنٹ اصل فورم ہے اس وقت بھی پارلیمنٹ تھی جب یہ لوگ لانگ مارچ کے ذریعے اپنے مطالبات منوانا چاہتے تھے، تب یہ فلسفہ ان کیلئے قابل قبول کیوں نہیں تھا۔ میں نے نظام کی تبدیلی کی بات کی تو اس استحصالی نظام سے مستفید ہونے والے اپنی مصنوعی مخالفتیں ترک کر کے شیر و شکر ہو گئے۔ ایک انٹرویو میں طاہر القادری نے کہا ہے کہ جمہوریت اور ملکی بقا کی جنگ لڑ رہا ہوں، ملکی اور عوامی مفادات کیلئے ایک نہیں 100 لانگ مارچ بھی کرنے کو تیار ہوں، پاکستان کے 18 کروڑ عوام میرے ساتھ ہیں، صرف قوم کو لوٹنے والوں کو ”فکر“ پڑ چکی ہے، مفاد پرست حکمران چیخنے کی بجائے انتخابی اصلاحات کریں اور ملک میں آئین پر مکمل عمل کیا جائے ورنہ لانگ مارچ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائے، جو خود فوجی آمروں سے معاہدے کر کے ملک سے بھاگے وہ کس منہ سے ہمارے ایجنڈے اور مشن پر تنقید کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے قومی کرکٹ ٹیم کو کرکٹ میچ میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 جنوری کو عوامی پارلیمنٹ بھی قوم کو اسی طرح کی خوشخبری دے گی۔ 

مزیدخبریں