لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ6 سال تک برفانی فضاﺅں سے لطف اندوز ہونے والے امپورٹڈ عناصر آج ملک میں کرپشن کو نکیل ڈالنے کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں جبکہ میں پہلے دن سے ہی کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار بند کرانے کیلئے آواز اٹھا رہا ہوں۔ زر بابا چالیس چوروں نے گزشتہ پونے پانچ برس میں ڈھٹائی کے ساتھ لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا ہے۔ امپورٹڈ عناصر امپورٹڈ ایجنڈے کے ساتھ کرپٹ لوگوں کو بغل میں چھپائے ملک میں تبدیلی اور انقلاب برپا کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ پنجاب میں میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی، لیپ ٹاپ کی تقسیم، انٹرن شپ پروگرام، تعلیمی فنڈ کا قیام، پوزیشن ہولڈر طلبا میں انعامات کی تقسیم اور ہونہار طلبا و طالبات کو گارڈ آف آنر ہی تبدیلی اور انقلاب ہے۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ پونے پانچ برس کے دوران تعلیم کے میدان میں جو خدمات سرانجام دی ہیں ملک کی 65 سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ذہین طلباو طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کا شاندار پروگرام آئندہ کوئی حکومت ختم نہیں کرسکے گی۔ ہم لیپ ٹاپ کے ذریعے طلبا و طالبات کو بااختیار بنا رہے ہیں اور پاکستان کے ہر ہونہار طالب علم کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیں گے۔ لیپ ٹاپ سکیم میں وزیراعلیٰ سمیت کسی وزیر کا کوئی کوٹہ نہیں رکھا گیا۔ پنجاب حکومت کا ہر اقدام اور پروگرام شفاف ہے اور کوئی مائی کا لال ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وہ گزشتہ روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی تاریخی اوول گراﺅنڈ میں ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے دوران پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباو طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران بہترین انداز میں نعت رسول مقبول پیش کرنے والی طالبہ کو اپنی جیب سے لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس عظیم درسگاہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرکے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ تعلیم اور میرٹ کو فروغ دے کر ملک کو غربت، جہالت اور بیروزگاری کے اندھیروں سے نکالا جا سکتا ہے۔ بدقسمتی سے تعلیم کے شعبے کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا۔ ملک کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے پاکستان کو امداد لینے کی بجائے امداد دینے والا ملک بنایا جاسکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے ایسے انقلابی پروگرام شروع کئے ہیں جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ صوبے کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے غریب بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے ان علاقوں میں 16 دانش سکول قائم کر دیئے گئے ہیں۔ 10 ارب روپے کے تعلیمی فنڈ سے ایسے 40 ہزار ہونہار طلبا و طالبات کو حصول تعلیم کیلئے وظائف دیئے جا رہے ہیں جو مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیمی پیاس بجھانے سے قاصر تھے۔ اسی طرح پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں 55 کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے پوسٹ گریجوایٹس کو مختلف اداروں میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں خواتین کیلئے 4 نئی یونیورسٹیاں اور 37 سال بعد صوبے میں 4 نئے میڈیکل کالج قائم کئے گئے ہیں۔ زربابا اور چالیس چوروں کا ٹولہ قومی وسائل کی لوٹ مار نہ کرتا تو یہ وسائل بھی قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت پر صرف کئے جاتے۔ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں نے ملک کو کنگال کرکے رکھ دیا ہے۔ اقتدار میں آ کر کڑا احتساب کریں گے۔ گزشتہ دور آمریت میں پڑھے لکھے پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے تعلیم پر وسائل صرف کرنے کی بجائے عالیشان وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی تعمیر پر اڑھائی ارب روپے ضائع کر دیئے۔ پنجاب حکومت نے وسائل نہایت شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود پر نچھاور کئے ہیں۔ غلطیاں ہم سے بھی ہوئی ہیں لیکن ہم غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹ کا عظیم الشان منصوبہ رواں ماہ کے آخر تک بہترین سفری سہولیات کی فراہمی شروع کردے گا اور یہ شاندار منصوبہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں عظیم تبدیلی لائے گا۔ ملک سیلاب اور ڈینگی جیسی قدرتی آفات سے دوچار رہا۔ اس دوران امپورٹڈ لوگ قوم کو مشکلات میں چھوڑ کر بیرونی ممالک کے موسموں کا مزہ لیتے رہے۔ امپورٹڈ عناصر سن لیں انقلاب یا تبدیلی وہ نہیں لا رہے ہیں بلکہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنا کر تبدیلی اور انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ قوم کو مشکل حالات میں تنہا چھوڑ کر بیرون ملک سیرو سیاحت کرنے والے آج کس منہ سے ملک سے کرپشن کے خاتمے اور قوم کی تقدیر بدلنے کے دعوے کر رہے ہیں۔ اپنی بغل میں چوروں اور لٹیروں کو بٹھا کر امپورٹڈ لوگ کس انقلاب اور تبدیلی کی بات کر رہے ہیں۔ ہم ملک سے جہالت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں اور اگر خدمت کا دوبارہ موقع ملا تو پاکستان کو علم کا گہوارہ بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے کالاشاہ کاکو کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر خلیق الرحمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا، بعدازاں وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی کے ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔ تقریب کے دوران 1800 طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت میٹرو بس پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کا منصوبہ میٹرو بس سروس رواں ماہ کے آخر تک عوام کو آرام دہ، باکفایت اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی شروع کر دے گا۔ یہ عظیم الشان عوامی منصوبہ 11 ماہ کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ اس منصوبے میں ٹھیکیداروں اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ میٹرو بسیں پہلے دو ہفتے عوام کیلئے مفت چلائی جائیں گی۔ بس کاکرایہ عام آدمی کی پہنچ مےں رکھا جائے گا۔ میٹرو بس کیلئے جدید ای ٹکٹنگ سسٹم سے عوام کو سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کی آگاہی کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ کی ویب سائٹ بنائی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباو طالبات کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سمسٹر سسٹم کی بنیاد پر لیپ ٹاپ سے محروم رہ جانے والے طلبا و طالبات کو بھی میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ شہباز شریف نے طلبا و طالبات کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہونہار طالب علم کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے ذریعے نوجوانوں کو ان کا حق دے رہے ہیں۔ سفارش یا اقربا پروری پر ایک بھی لیپ ٹاپ تقسیم نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس پروگرام میں کسی کا صوابدیدی کوٹہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی کے سمسٹر کی بنیاد پر رہ جانے والے 249 طلبا و طالبات کو میرٹ کے مطابق لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ طلبا و طالبات نے سمسٹر سسٹم کی بنیاد پر رہ جانے والے طالب علموں کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔