کولکتہ (چودھری محمد اشرف) پاکستان نے میزبان ٹیم بھارت کو اس کی سرزمین پر 85 رنز سے شکست دے کر بھارت میں 8 سال بعد ون ڈے کرکٹ میچز کی سیریز جیت لی۔ اب پاکستان کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ اور باﺅلنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کر کے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا۔ پاکستان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 48.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے جبکہ بھارتی ٹیم 165 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ سعید اجمل اور جنید خان نے تین، تین، عمر گل نے دو، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ اپریل 2005 ءمیں انضمام الحق کی قیادت میں بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستان ٹیم نے چھ میچوں کی سیریز چار دو سے جیتی تھی۔ اس مرتبہ تین میچوں کی سیریز کے پہلے دونوں میچ پاکستان ٹیم نے مصباح الحق کی قیادت میں جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا آخری ون ڈے میچ 6 جنوری کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ناصر جمشید او ر محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔141 کے ٹوٹل پر پاکستان کی پہلی وکٹ محمد حفیظ کی گری جب وہ جدیجہ کو کراس شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کلین بولڈ ہو گئے۔ حفیظ نے 74 گیندوں پر 10 چوکوں کی مد د سے 76 رنز بنائے۔ ناصر جمشید اور محمد حفیظ کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 141 رنز بنے جو کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پاکستان ٹیم کا پہلی وکٹ کی شراکت میں سب سے بڑا سکور ہے۔ اس سے قبل رمیز راجہ اور یونس احمدکے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 106 رنز کی پارٹنر شپ بنی تھی جو انہوں نے 1987ءکے ایک روزہ میچ میں بنائی تھی۔ نئے بلے باز اظہر علی میدان میں آئے لیکن وہ زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 کے انفرادی سکور پر رن آوٹ ہو گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ یونس خان کی گری جو 10 رنز بنانے کے بعد سریش رائنا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق 2 کے انفرادی سکور پر ایشون کا شکار ہو گئے اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 182 رنز تھا۔ شعیب ملک اوپنر ناصر جمشید کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے ۔ اس دوران ناصر جمشید نے بھارت کے خلاف مسلسل تیسری سنچری سکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ناصر جمشید 106 کے انفرادی سکور پر جدیجہ کو بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ آﺅٹ ہو گئے۔کامران اکمل میدان میں آئے لیکن وہ بغیر کوئی رن بنائے جدیجہ کا شکار ہو گئے۔ 210 کے ٹوٹل پر پاکستان کی 6 وکٹیں گر چکی تھیں۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ شعیب ملک کی گری جو 24 کے انفرادی سکور پر شرما کی گیند پر یوراج کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ سعید اجمل 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ پاکستان کی نویں وکٹ 250 کے سکور پر عمر گل کی گری جنہوں نے 17 رنز بنائے بعد میں آنے والے محمد عرفان کھاتہ کھولے بغیر ہی شرما کی کیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ بھارت کی جانب سے باﺅلنگ میں شرما اور جدیجہ نے تین تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت نے اننگز شروع کی تو وہ پاکستان کے اچھے آغاز کا جواب نہ دے سکا۔ 42 کے ٹوٹل پر پہلی وکٹ گوتم گھمبیر کی گری جب وہ جنید خان کی باہر جاتی بال کو کھیلنے کی کوشش میں کلین بولڈ ہو گئے۔ پاکستان کو دوسری وکٹ بھی جنید خان نے دلائی جب بھارت کے ویرات کوہلی 6 رنز بنانے کے بعد کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ بھارت کی تیسری وکٹ سہواگ کی گری جو 31 کے سکور پر عمر گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہو گئے۔ ٹوٹل 70 پر پہنچا تو بھارت کو چوتھا نقصان یوراج سنگھ کی وکٹ کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جب عمر گل نے انہیں کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کرا دیا۔ یوراج نے 9 رنز بنائے۔ بھارت کی پانچویں وکٹ سریش رائنا کی گری جب وہ محمد حفیظ کی گیند پر سٹمپ آﺅٹ ہو گئے انہوں نے 14 رنز بنائے۔ 103 کے ٹوٹل پر بھارت کو چھٹا نقصان ایشون کی وکٹ کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جب وہ شعیب ملک کو کریز سے نکل کر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ آﺅٹ ہو گئے۔ راویندرا جدیجہ 13 اور کمار بغیر کوئی رن بنائے سعید اجمل کا شکار ہو گئے۔ 131 کے ٹوٹل پر بھارت کی 8 وکٹیں پویلین کی راہ دیکھ چکی تھیں۔ ڈیندا بھارت کے نویں کھلاڑی آﺅٹ ہوئے انہیں بھی سعید اجمل نے ایل بی ڈبلیوں آوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ سعید اجمل نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی نظر آتی شکست کو دیکھ کو بھارتی شائقین سٹیڈیم خالی کر گئے۔ بھارت کی آخری وکٹ اشانت کی گری جنہیں جنید نے کلین بولڈ آﺅٹ کیا۔ جنید کی اس میچ میں یہ تیسری وکٹ تھی۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان اور سعید اجمل نے تین تین جبکہ عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی ناصر جمشید کو قرار دیا گیا انہوں نے بھارت کے خلاف مسلسل اپنی تین اننگز میں سنچری سکور کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایڈن گارڈنز کولکتہ میں بھارتی ٹیم کا پاکستان کو ہرانے کا خواب، خواب ہی رہ گیا اور پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر ناقابل شکست رہی، کولکتہ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف چوتھی کامیابی حاصل کی پاکستان نے بھارت کے خلاف بھارت میں 14 واں ون ڈے جیتا دونوں ممالک نے 124 ون ڈے کھیلے پاکستان نے 71 اور بھارت نے 48 میچ جیتے پاکستان نے مجموعی طور پر ایڈن گارڈنز پر 6 میچ کھیلے پاکستان نے 5 میچ جیتے صرف سری لنکا کے خلاف ایک میچ ہارا، پاکستان نے 1989ءمیں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر نہرو کپ جیتا تھا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلی گئیں ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے، قومی ٹیم 12 میں سے 8 سیریز جیتنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان بھارت ٹیموں کے درمیان 1978ءسے اب تک مجموعی طور پر بارہ باہمی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئیں جن میں گرین شرٹس کی کارکردگی قابل ستائش رہی، ٹیم نے بارہ میں سے آٹھ سیریز جیتیں جبکہ بھارت کے ہاتھ صرف چار فتوحات آئیں۔ سات بار بھارتی ٹیم نے ون ڈے سیریز کھیلنے کےلئے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا، چھ میں پاکستان دو میں بھارت فتح یاب رہا۔لاہور (کامرس رپورٹر + خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر + نامہ نگاروں سے) کولکتہ میں ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم نے جیسے ہی بھارتی ٹیم کو شکست دی تو صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں جشن کا سماں پیدا ہو گیا۔ لوگ سخت سردی کی پروا نہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ ایک دوسرے کو مبارکباد دی، مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھنگڑے ڈالے۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد پورا بھارت سوگ میں ڈوب گیا۔ میچ کے باعث صوبائی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیاں ماند رہیں داتاؒ صاحب کے عرس کے باعث لاہور کی تھوک مارکیٹیں بند تھیں جبکہ دیگر مارکیٹوں میں بھی گاہک نہ ہونے کے برابر تھے۔ دکانداروں نے کرکٹ میچ کچھ دیر اپنی دکانوں پر دیکھا جس کے بعد اپنی دکانیں بندکرکے گھروں کو چلے گئے۔ جہاں انہوں نے باقی میچ دیکھا۔ کرکٹ کے پرستاروں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ہماری امیدوں سے بڑھ کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔ ڈسکہ سے نامہ نگار کے مطابق انڈیا پاکستان کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ جیتنے کی خوشی میں شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی۔ منچلوں نے بینڈ باجوں کے ساتھ بھنگڑا ڈالا اور پاکستانی ٹیم زندہ بادکے نعرے لگائے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق شدید سردی کے باوجود شہریوں نے بھنگڑے ڈالے فائرنگ کی سڑکوں پر رقص کیا دکانوں پر مٹھائی نایاب ہوگئی۔ یہاں جماعة الدعوة کا ہیڈ کوارٹر ہے اس وجہ سے بھارت کی شکست پر خوشی منائی گئی۔ صاحبزادہ حاجی محمد امجد اجمل ندیم، نواز چھینہ، طلحہ امجد اجمل، حاجی ظفر حسین کمبوہ نے کہا کہ بھارتی سورماﺅں کو اس کی زمین پر شکست ٹیم کا قوم کو نئے سال کا تحفہ ہے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن مہندی چوک اور سندھیلہ مارکیٹ میں نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے، ڈھول کی تھاپ پر بوڑھے بھی ناچنے لگے۔ چودھری شہباز سندھیلہ، محمد متین طیب اور نافع نے مٹھائی تقسیم کی۔ آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کرکٹ ٹیم، پی سی بی انتظامیہ اور پوری قوم کو بھارت کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں کامیابی اور ایک روزہ سیریز میں فتح حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں صدر نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم اسی جذبے کے ساتھ فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ملک و قوم کیلئے مزید اعزازات لیکر آئے گی۔ وزیراعظم نے بھی میچ جیتنے پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف نے ٹیم کو دوسرا ون ڈے میچ کے ساتھ ساتھ سیریزجیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کرکٹ ٹیم کی کامیابی کو ٹیم ورک اور قوم کی دعاو¿ں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ نئے سال کے آغاز میں کرکٹ کی ٹیم کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کی سرزمین پر شکست دے کرون ڈے سیریز جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر ناصر جمشید کو سیریز میں مسلسل دوسری سنچری بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف ایک روزہ میچ میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ، کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی جیت ملکی ٹیلنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔ ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کامیابی پر پاکستان کرکٹ ٹیم، پوری مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف کو مبارکباد دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو بھارت سے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم اگر اسی طرح متحد ہوکر کھیلی تو آئندہ بھی کامیابی حاصل کرے گی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر ڈھیر‘ پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی
Jan 04, 2013