لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کیلئے جب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پہنچے تو طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش نعروں سے استقبال کیا۔٭ وزیراعلیٰ نے طلبا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد میٹرو بس چلنے والی ہے اور آپ سب نے اس میں سفر کرنا ہے۔ میٹرو بس کا کرایہ کتنا ہونا چاہئے؟ بعض طلبا نے کہا کہ کرایہ نہ رکھیں تو بہتر ہے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرایہ عام آدمی کی پہنچ کے اندر رکھا جائے گا لیکن پہلے دو ہفتے یہ بس مفت چلے گی۔ ٭مقررین نے وزیراعلیٰ کو” نوجوانوں کے سفیر“ کا خطاب دیا۔ ٭وزیراعلیٰ نے دانش سکول کو ماں باپ کی آغوش سے تشبیہ دی اور ایک طالبہ عائشہ کا واقعہ بھی بیان کیا۔ ٭وزیراعلیٰ نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات ایک بار پھر بازی لے گئی ہیں۔ لڑکوں کو مزید محنت کرنی چاہئے تاکہ اگلی بار وہ بازی لے جائیں۔
٭وزیراعلیٰ نے تقریر کے دوران یہ شعر پڑھا:
جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود
کہ سنگ و خشت سے ہوتے نہیں جہاں پیدا
٭وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کا اختتام ان اشعار پر کیا:
جب اپنا قافلہ عزم و یقیں سے نکلے گا
جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے
مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا
”شہباز شریف نوجوانوں کا سفیر“ جی سی یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی جھلکیاں
Jan 04, 2013