لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میںکالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے آئینی درخواست دائر کی گئی۔ وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں م¶قف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں موجود آئی پی پیز کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور اس حوالے سے ایوان اقتدار میں رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے تاکہ پاکستانی عوام کو سستی بجلی میسر نہ آ سکے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ ہونے سے بھارت پاکستان کے حصے کا پانی ذخیرہ کر رہا ہے جس سے ہمارے دریا خشک ہو چکے ہیں اگر کالا باغ ڈیم کو فوری طور پر تعمیر نہ کیا گیا تو ہماری زمینیں بنجر، دریا خشک ہو جائیں گے جبکہ ملک میں قحط پڑنے کا بھی خدشہ ہے۔کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے بغیر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ بھی ممکن نہیں اور نہ ہی زراعت کو ترقی دی جا سکتی ہے لہٰذا عدالت کالا باغ ڈیم کی تعمیر فوری شروع کرنے کے احکامات صادر کرے۔ درخواست گذار نے م¶قف پیش کیا کہ حکومت کو نیا انڈس واٹر معاہدہ کرنے کا حکم دیا جائے۔ موجودہ معاہدہ پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف غداری کے مقدمات درج کئے جائیں۔
کالا باغ ڈیم / درخواست