سود پر لیا جانے والا قرض اور اس سے کاروبار حرام ہو گا، 30 مفتیوں کا فتویٰ

لاہور (  نامہ نگارخصوصی) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے تیس مفتیوں نے اپنے اجتماعی فتویٰ میں کہا ہے کہ سود پر لیا جانے والا قرض اور اس سے کیے جانے والا کاروبار حرام ہو گا۔ سودی قرضے کا حصول و استعمال حرام اور گناہ عظیم ہے۔ یوتھ لان سکیم کو سود سے پاک کیا جائے کیونکہ سورۃ البقرہ میں سود کو اللہ اور رسول اللہﷺ سے جنگ قرار دیا گیا ہے۔ حضور نبی کریمﷺ نے سود کو زنا سے بھی سخت گناہ قرار دیا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے سود کھانے، کھلانے اور سود کا حساب لکھنے والے پر لعنت کی ہے۔ اس لیے حکومت قرض حسنہ کی بنیاد پر سکیم شروع کرے جو قرآن و سنّت سے متصادم نہ ہو۔ سودی قرضوں کا اجرا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ حکومت قوم کو حرام رزق پر لگانے سے باز رہے۔ حکومت مضاربت یا قرض حسنہ کی بنیاد پر نوجوانوں کو قرض فراہم کرے۔ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی سے بچنے کے لیے سودی کاروبار اور سودی لین دین سے مکمل اجتناب کرنا ہو گا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رائج سودی نظام معیشت ہی ہماری معاشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ملکی قانون کی رُو سے پرائیویٹ سطح پر سودی لین دین کا کاروبار ناجائز قرار دیا جا چکا ہے۔ حکومت سود خوری جیسے سنگین جرم اور گناہ عظیم پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ حکومت کا یہ کہنا کہ سودی نظام کا متبادل نظام موجود نہیں، محض ایک عذر کی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت بلاتاخیر سرکاری سطح پر شرعی بورڈ تشکیل دے جو کم سے کم مقررہ مدت میں مطلوبہ نظام تشکیل دے۔ عوامی فلاح و بہبود کی ذمہ داری ریاست پر ہوتی ہے لہٰذ احکومت غریب و نادار لوگوں کی دیکھ بھال اور ان کی بنیادی ضروریات زندگی کا نظام قائم کرے۔ فتویٰ میں قوم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سودی کاروبار اور سودی لین دین سے اجتناب کرے۔ جن مفتیوں نے فتویٰ جاری کیا ہے ان میں شیخ الحدیث علامہ محمد شریف رضوی، مفتی محمد اکبر رضوی، مفتی فاروق القادری، علامہ حامد سرفراز، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد یونس رضوی، علامہ نوازبشیر جلالی، مفتی محمد رمضان جامی، مفتی غلام مرتضیٰ مہروی، مفتی غلام نبی فخری، مولانا غلام سرور سعیدی، علامہ صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، علامہ پیر سیّد محمد اقبال شاہ، مفتی غلام مجتبیٰ غفوری، مفتی اکرام اللہ جنیدی، مفتی عبدالحق دریائی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد حسین صدیقی، علامہ باغ علی رضوی، علامہ صاحبزادہ حمیدالدین رضوی، مفتی محمد اظہر سعید، علامہ فیصل عزیزی، علامہ محمد اشرف گورمانی، علامہ سیّد خرم ریاض شاہ، مولانا نعیم الدین رضوی، علامہ محمد صادق سیالوی، مفتی محمد اقبال نقشبندی، مفتی شہزاد قادری، مفتی غلام محمد چشتی، مفتی محمد عرفان، علامہ ریاض الدین پیرزادہ، مفتی محمد عابد رضا قادری، علامہ شرافت علی شامل ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا  کہ سنی اتحاد کونسل سودی نظام کے خلاف ملک گیر مہم چلائے گی اور سود کے خلاف ہر مسجد اور مدرسے سے آواز اٹھائی جائے گی۔ سنی اتحاد کونسل نے سود سے پاک متبادل نظام کی تیاری کے لیے شرعی بورڈ بھی تشکیل دے دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن