لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کالاباغ ڈیم منصوبے، علاقائی تجارت کے فروغ، غیر روایتی مارکیٹوں تک رسائی اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے ترجیحی معاہدوں کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری اور فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر سہیل بن رشید کے درمیان لاہور چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ریاض الحق ، نائب صدر چودھری محمد اصغر ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد اسلم چودھری، طلحہ طیب بٹ، محمد ہارون اروڑہ، ظفر محمود، میاں زاہد جاوید ، سابق نائب صدر سعیدہ نذر اور فیصل آباد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں چیمبرز نے اپنی ریسرچ رپورٹس کے تبادلے اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ دونوں چیمبرز کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور آر اینڈ ڈی کے سینئر سٹاف ممبران پر مشتمل ہوگا ۔ اس موقع پر کالاباغ ڈیم پر ایک مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو دوسرے چیمبرز کی مشاورت سے اس اہم منصوبے پر حکمت عملی وضع کرے گی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومت سے ملاقات کرکے علاقائی تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر سہیل بن رشید نے کہا سارک کے اراکین ممالک کے مابین تجارت تسلی بخش نہیں لہذا اسے بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھانا اشد ضروری ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نجی شعبے کی طاقت اتفاق میں پنہاں ہے لہذا انہیں ایک دوسرے سے معاشی معاملات پر ایک دوسرے سے ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے۔ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جولائی 2005ء میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی تجدید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں اداروں کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔