حکومت سودی نظام ختم، قرضے بند کرکے عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے نکلے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک جیسے عالمی مالیاتی ادارے مسلمانوںکو اپنی غلامی میں جکڑنے کیلئے ہیں۔ حکومت ان کے شکنجے سے نکلنا چاہتی ہے تو سودی نظام ختم اور قرضے لینے کا سلسلہ بند کیاجائے۔ فیملی پلاننگ کے نام پر ملک میں کام کرنے والی این جی اوز مغربی ایجنڈے کو پروان چڑھانے میں مصروف ہیں۔ یہ مسلمانوں کی خیر خواہ نہیں ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مغربی ممالک دنیا بھر میں اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت اور مسلمانوںکی بڑھتی ہوئی تعداد سے سخت خوفزدہ ہیں۔ انکے تھنک ٹینک یہ رپورٹیں دے رہے ہیں کہ مسلمانوں کی آبادی پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ بیس برسوں میں مسلمان دنیا پر غالب آجائیں گے۔ اس سازش کے تحت پاکستان ، انڈونیشیا اور دیگر مسلم ممالک میں این جی اوز کا جال پھیلا کر بڑے پیمانے پر امدادیں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ  آج مسلمانوں کی تمام حکومتیں سمجھتی ہیں کہ امریکہ سے تعلقات بہتر ہوں گے تو ہمارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر غیراللہ سے توقعات اور امیدیں وابستہ کرنا عقیدے اور ایمان کی بہت بڑی خرابی ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ  اللہ کے نبی ﷺ نے نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ کی طرح سیاست، معیشت و معاشرت سمیت زندگی گزارنے کے تمام طریقے سکھلائے ہیں۔ سیرت رسول ﷺ پر عمل کرنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے نبی ﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیاجائے تو یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ نبی اکرم ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کے دور میں مسلمانوں کے پاس وسائل کم ہونے کے باوجود ہر طرف امن و امان قائم تھا۔ لوگوں کی عزتیں اور حقوق محفوظ تھے۔ یہ سب اسلامی تعلیمات کے نفاذ کا نتیجہ تھا۔

ای پیپر دی نیشن