انرجی سیونگ سکیم، لیسکو نے بلوں پر انرجی سیور وصولی کی رسید بنا دی

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم انرجی سیونگ پروگرام کے تحت 40 کروڑ مالیت کے 42 لاکھ انرجی سیور لیسکو کے صارفین کو تقسیم کئے جائیں گے جبکہ ملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی انرجی سیور دئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو کے زیر اہتمام وزیراعظم انرجی سیور کی افتتاحی تقریب سے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بجلی کی بچت کے ساتھ بجلی پیداوار بڑھانے کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر لیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد رفیق نے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل مینجر ٹیکنیکل عبدالرحمن، چیف انجینئر میٹریل مینجمنٹ قیصر زمان، چیف انجینئر راؤ امیر ضمیر، چیف انجینئر محبوب بھٹی، انجینئر کمرشل محمد خالد، چیف انجینئر رانا طارق سمیت افسرون کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر لیسکو کے گھریلو صارفین کو 42 لاکھ انرجی سیور تقسیم کئے جائیں گے۔ ہر گھریلو صارف کو دو بلب کے بدلے 23 واٹ کے دو انرجی سیور تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان انرجی سیور کی تقسیم سے لیسکو میں 162 میگاواٹ بجلی کی بچت ہو گی اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ایک گھنٹے تک کمی و اقع ہو گی۔ فروری تک تمام انرجی سیور تقسیم کر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی اس سکیم سے ملک بھر میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انرجی سیور کی وصولی صارفین کے بلوں پر کی جائے گی۔ اس حوالے سے صارفین کے بلوں کے اوپر باقاعدہ وصولی کی رسید بنا دی گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن