مشرف قومی مجرم ہیں کسی بھی صورت معافی یا رعایت نہیں ملنی چاہئے: طلال بگٹی

Jan 04, 2014

لاہور(آئی این پی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے پرویزمشرف قومی مجرم ہیں ان کو کسی بھی صورت معافی یا کوئی رعایت نہیں ملنی چاہئے۔ جمعہ کے روز ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے طلال اکبر بگٹی نے کہا پرویزمشرف نے صرف اکبر بگٹی ہی نہیں بلکہ ملک میں جمہوریت، آئین اور سینکڑوں بے گناہ لوگوںکا بھی قتل عام کیا ہے جس کی اسے ہر صورت سزا ملنی چاہئے اس کے بغیر ملک میں جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی ممکن نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا جو لوگ مشرف جیسے قومی مجرم کو محفوظ راستہ دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں وہ کسی بھی صورت ملک اور قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے کیونکہ پرویزمشرف کو معافی مل گئی تو ملک میںجمہوریت کو ہمیشہ خطرات درپیش رہیں گے۔ اگر ہم نے ملک کو مضبو ط بنانا ہے تو سب سے پہلے جمہوریت کو مضبوط بنانا ہو گا ورنہ ملک کبھی بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ 

مزیدخبریں