عید میلادالنبیؐ: چنیوٹ میں 6300 ملتان میں 5 ہزار پونڈ کے کیک تیار

Jan 04, 2015

چنیوٹ+ ملتان (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) چنیوٹ میں جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر دنیا کا سب سے بڑا 63 سو پونڈ کا میلاد کیک تیار کر لیا گیا۔ آستانہ وادی عزیز شریف میں جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ہر سال حضور اکرمؐ کی حیات طیبہ 63سال کی نسبت سے63 سو پونڈ کا خصوصی میلاد کیک تیار کیا جاتا ہے جسکی تیاری کیلئے 60کاریگر ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی کام شروع کر دیتے ہیں۔ کیک میں پانی کی جگہ آب زمزم استعمال کیا جاتا ہے۔ تمام کاریگر باوضو مسلسل درود شریف کا ورد کرتے ہوئے کیک تیار کرتے ہیں۔ سجادہ نشین حضرت خواجہ محبوب الٰہی آج صبح تہجد کے وقت کیک کاٹ کر میلاد النبیؐ کی تقریبات کا آغاز کریں گے۔ مزید برآں ملتان کے نامہ نگار کے مطابق عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں دربار چادر والی سرکار پر 5000 پونڈ کا کیک گوجرانوالہ لاہور فیصل آباد اور ملتان کے کار یگروں نے دس روز کی محنت سے تیار کیا۔ کیک میں 15000 انڈے، 1400 کلو مکھن، 300 کلو میدہ، 600 کلو چینی، چاکلیٹ، سیب گاجر‘ چیری اور دیگر مربعہ جات کا استعمال کیا گیا اس کیک کو باوضو رہ کر کاریگروں نے بنایا۔ کیک کو دربار عالیہ چادر والی سرکارؒ کے سجادہ نشین صاحبزادہ علی حسین شاہ اور درگاہ امیر ملت کے سجادہ نشین ظفر حسین شاہ جماعتی ولی محمد شاہ ثانی سرکار نور حسین شاہ نے تاریخی تلوار سے کاٹا۔

مزیدخبریں