اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف سری لنکا کے صدر کی دعوت پر (آج) پیر سے سری لنکا کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے دورہ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبہ جات میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیراعظم سری لنکا رانیل و کرما سنگھے بھی وزیراعظم نواز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف سے اراکین پارلیمنٹ، مذہبی سکالر اور تاجر بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم وزرائ، اراکین پارلیمنٹ، اعلیٰ حکام، اہم تاجروں اور سفارتخانہ کے اہم حکام کے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔