لاہور (سپورٹس رپورٹر+آن لائن) وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی، دہشت گردوں کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا، سندھ وفاق کے ساتھ اتحاد سے چلنا چاہتا ہے، باہمی تعاون سے ہی دہشت گردوں کے خلاف زیادہ موثر کارروائی ہو گی۔ لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وفاق سے ہمیشہ تعاون کیا امید ہے وفاق بھی سندھ کے نقطہ نظر کو نظر انداز نہیں کرے گا۔ چودھری نثار کراچی آ رہے ہیں انکے ساتھ تمام ایشوز پر بات ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کراچی میں رینجرز کو اس وقت تک رکھنا چاہتے ہیں جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوتا۔ رینجرز کو چار معاملات میں کارروائی کا مینڈنٹ اور اختیار دینا چاہتے ہیں تو رینجرز اسی کے مطابق کارروائی کریں تاہم انہی نکات پر وزیر داخلہ چودھری نثار سے بات ہو گی۔ ان کا کہنا تھا پنجاب سے داعش کے لوگ پکڑے جانے کی خبریں میڈیا میں دیکھی ہیں۔ داعش اور دہشت گرد جہاں بھی ہوں انکے خلاف موثر کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کراچی سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہرقسم کے تعاون کرنے کے لئے تیار ہے، تاہم کراچی آپریشن پر چند تحفظات ہیں جن سے وزیراعظم نوازشریف سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت کو چاہئے وہ مفاہمتی پالیسی کو اپنائے اور سندھ اور دیگر صوبوں کو اپنے ساتھ لے کر چلے۔لاہور سپورٹس رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے سابق چیئرمین پی سی بی اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن ذکاء اشرف نے ملاقات کی، ذکاء اشرف نے وزیر اعلیٰ سندھ کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کر رکھا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے ملاقات میں پیپلز پارٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ بعدازاں وزیراعلی سندھ کور کمانڈر سندھ نوید مختار کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے وزیراعلی سندھ کو ائر پورٹ پر رخصت کیا۔