حکومت بھارتی جیلوں میں 189 پاکستانی قیدیوں کی گمشدگی کا معاملہ اٹھائے: انصار برنی

Jan 04, 2016

کراچی (آئی این پی) انسانی حقوق کے علمبردار اور سابق وفاقی وزیر انصار برنی ایڈووکیٹ نے بھارتی جیلوں سے 189پاکستانی قیدیوں کی گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کی گمشدگی کی اطلاع اس وقت ملی جب پاکستان اور بھارت نے جمعہ یکم جنوری کو پاکستان اور بھارت کی جیلوں میں بند افراد کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گمشدہ قیدیوں میں 113بے گناہ مچھیرے بھی شامل ہیں۔ بھارتی فہرست کے مطابق وہاں کی جیلوں میں271پاکستانی قید ہیں جبکہ پاکستان کے مطابق 460پاکستانی شہری بھارتی جیلوں میں کسمپرسی کی حالت میں قید ہیں اس طرح 189 پاکستانی قیدیوں کی گمشدگی کی اطلاع ملی۔ انہوں نے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت سے رابطہ قائم کرکے پاکستانی قیدیوں سے متعلق فوری معلومات حاصل کریں اور بھارت میں قید پاکستانی قیدیوں کی زندگیوں کو یقینی بنانے کے لئے فی الفور اقدامات اٹھائیں۔

مزیدخبریں