لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی دوسری مہنگی ترین ٹیم لاہور قلندر زکے لوگو کی تقریب رونمائی رنگا رنگ تقریب میں لاہور کے رائل پام اینڈ کنٹری کلب میں منعقد ہوئی۔ جس میں شرکت کے لیے شائقین کی بڑی تعداد تقریب شروع ہونے سے دو گھنٹے پہلے ہی پہنچ گئی تھی۔ فنکاروں اور سٹار کھلاڑیوں کی شرکٹ تے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ تقریب میں ضرورت سے زائد شائقین کو دعوت نامے جاری کیے گئے تھے۔ وقت سے تاخیر سے وہاں پہنچنے والے بڑی تعداد میں شائقین کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہ ملی۔ انتظامیہ کی جانب سے ساڑھے چھ بجے ہی رائل پام میں داخلے کے لیے دروازے بند کر دیئے گئے تھے۔ بڑی تعداد میں فیملیز کو تقریب میں شرکت کے بغیر ہی اپنے گھروں کو واپس جانا پڑا۔ آخر میں مشہور ڈھول بجانے والے پپو سائیں کے ڈھول کی دھاپ پر رقص پیش کیا گیا جس میں اس بات کی عکاسی کی گئی تھی کہ دما دم مست لاہور ٹیم کے لوگو کو نمایاں کیا گیا تھا۔ رائل پام میں تقریب کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کو انٹری نہ ملنے کے باعث کنال روڈ پر ٹریفک بری طرح جام رہی۔ سینکڑوں لوگ اپنی گاڑیاں سڑک پر ہی لگا کر تقریب میں شرکت کے لیے چلے گئے تھے، ٹریفک پولیس پوری طرح بے بس دکھائی دی۔