ایک انٹرویو کے دوران فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں بہت سے تجربات دیکھے۔ وہ اب پہلے سے زیادہ مختلف انسان ہیں۔ سپورٹس مین ہونے کے ناطے بہترین کھیل پیش کر کے لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔ محمد عامرکا کہنا تھا کہ اگر کوئی انہیں برا کہتا ہے تو انہیں اچھا ثابت کرنے کا موقع بھی ملنا چاہیے۔ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے کرکٹ سے پیار کرنے والوں کو بہت ٹھیس پہنچائی لیکن اپنی پرفارمنس سے اعتماد بحال کریں گے۔ یقین ہے انہیں کھیلتا دیکھ کر قبول کرلیا جائے گا۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ ان کے ٹیم میں شمولیت سے متعلق تنازع کے حل کا کریڈٹ بورڈ کو جاتا ہے جس نے مذاکرات سے معاملہ حل کرایا۔ وہ کیمپ میں سب سے ملے ہیں۔ خوشی ہےکہ سب نے ان بات سنی۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے۔ وہ ہرایک کی عزت کرتے ہیں۔ محمد حفیظ اور اظہر کے فیصلے سے کوئی تکلیف نہیں، یہ ان کاحق تھا۔ انہوں نے انگلینڈ میں دوبارہ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پھر لارڈز کے میدان پر بولنگ کرنا چاہتے ہیں۔