اسی ماہ حکومت مخالف تحریک چلائیں گے، پانامہ کیس طے کرے گا کرپشن ختم ہو گی یا نہیں: خورشید شاہ

Jan 04, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے جب ہم باہر نکلیں گے تو حکومت مخالف تحریک ہو گی۔ اداروں کے درمیان لڑائی ہوئی تو ریاست کمزور ہو گی۔ پانامہ کا فیصلہ طے کرے گا ملک سے کرپشن ختم ہو گی یا نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوتے انہوں نے کہا ملک میں کرپشن ختم ہونی چاہئے یا نہیں، فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔ نیب میں کچھ غلط ہو رہا ہے تو سپریم کورٹ سوموٹو لے۔ حکومت کے خلاف جنوری میں ہی تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کر دیا کہ آصف زرداری کے آنے سے فیصلہ سازی کا اختیار بلاول بھٹو کے پاس نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے دوبارہ ان پر الزامات لگائے تو وہ عدالت جائیں گے۔ وزیراعظم سے کہتا ہوں ان کے خلاف نیب میں مقدمات ہیں تو سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا بلاول ہی اپوزیشن لیڈر ہونگے۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کا عہدہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا اتنے عرصے میں جاوید ہاشمی نے بات کیوں نہیں کی۔ حکومت نے ہمیشہ جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا مارا ہے۔ انہوں نے کہا ہم میثاق جمہوریت پر قائم ہیں۔

مزیدخبریں