عمران کی زندگی نجومیوں‘ حکیموں پر رہ گئی‘ طلال: ہمیں باندھنے کی کوشش ہورہی ہے‘ پرویز رشید

Jan 04, 2018

اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ افسوس تحریک انصاف سیاست کی اخلاقیات سے ناواقف ہے، پیپلز پارٹی میں باتیں کرنیوالے اپنی پارٹی کی تاریخ سے بھی آگاہ نہیں، محسوس ہوتا ہے ہمارے ہاتھ پائوں باندھے جارہے ہیں، کوشش ہے سینٹ الیکشن میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ 13سال تک سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اور 8سال وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو انتخابی سیاست سے باہر رکھا گیا جبکہ بینظیر بھٹوکو بھی 8سال سیاست سے باہر رکھا گیا لیکن ملک کی موجودہ صورتحال پاکستان کے عوام کی پیدا کردہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت آج کل طاہرالقادری کے قدموں میں بیٹھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچانک وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ایسی باتیں اچھی طرح جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقامے اور بہانے الیکشن سے پہلے نہیں ہوتے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران کی سیاست اور زندگی نجومیوں اور حکیموں پر رہ گئی ہے، مایوسیوں کی انتہا کو پہنچے ہوئے لوگ نجومی اور حکیم کا رخ کرتے، عمران کے پاس صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ ہے لیکن کریکٹر سرٹیفکیٹ نہیں، اگر ایسے لوگ صادق اور امین ہیں تواللہ کا شکر ہے نواز شریف کو یہ سرٹیفکیٹ نہیں ملا، اہلیت کا اصلی سرٹیفکیٹ صرف عوامی عدالت دے سکتی ہے، نواز شریف کے بیان کے بعد این آر او ڈیل کا سوچنے والے بائولے ہو گئے ہیں، نواز شریف جب سے سعودی عرب کے دورے سے واپس آئے ہیں عمران کو دورے پڑ رہے ہیں۔

کلرسیداں (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے حصہ لوں گااور شیر کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑوں گا۔ تبدیلی عمران خان اور آصف علی زرداری نہیں لا سکتے، انتخابات میں کامیابی مسلم لیگ (ن) کی ہو گی،منہ پر کھری بات کہنا میرا شیوا ہے خوشامد نہیں کر سکتا، ہمیشہ درست راستے کا انتخاب کرتا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز بنگلہ پا پین میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے اجتماع میں موجود کئی کارکنوں کی جانب سے انہیں شیر یا کلہاڑے پر الیکشن لڑنے کی صورت میں انہی کی سپورٹ کرنے کا اظہار کیا تو چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے میں اللہ کے فضل و کرم سے آئندہ الیکشن میں قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا اور میرا انتخابی نشان صرف شیر ہی ہو گا میں نے جس جماعت اور قائد کے ساتھ سیاست کا آغاز کیا تھا آج بھی اسی جماعت او رقائد کے ساتھ کھڑا ہوں ۔میں نے آمریت کی پرکشش پیشکشوں کے باوجود اپنی سیاسی وفاداری تبدیل نہیں کی ،ساری زندگی اصولوں پر بسر کرنے کی کوشش کی میں کوئی تیس مار خان نہیں بڑا حاجز بندہ ہوں جسے کوئی حق اور سچ بات کہنے سے نہیں روک سکتا۔ میں نے نوازشریف کو بھی وہی مشورے دیئے جو جماعت اور ان کے مفاد میں تھے۔ میں حلقے میں تبدیلی لاچکا ہوں اور یہ تبدیلی دعوہ نہیں حلقے میں نظر بھی آتی ہے میں 1985ء سے الیکشن جیت رہا ہوں، حکومتیں آتی جاتی ہیں مگر کردار باقی رہتا ہے میں خود کو فروخت نہیں کر سکتا میں بکائو مال نہیں میں نے عہدے کے لالچ میں کبھی جماعت نہیں بدلی کیوں کہ عزت عہدوں سے نہیں اصولوں اور اقدار سے ہوتی ہے۔ اپنے دونوں حلقوں میں سولہ سولہ ارب کے ترقیاتی کام کرائے۔ واہ میں جدید سول ہسپتال قائم کیا جس کا افتتاح بہت جلد شہباز شریف کریں گے۔ 2 ارب 25 کروڑ کی لاگت سے روات سے چک بیلی سرال روڈ کی کشادگی اور کارپٹ تعمیر کا کام جاری ہے۔ یہ سڑک آئندہ مارچ تک پڑی تک مکمل ہوجائیگی، دوسرے مرحلے میں اسے سرال تک مکمل کیا جائیگا۔

مزیدخبریں