ملتان، پشاور (کرائم رپورٹر+ بیورو رپورٹ) ملتان سے رشید آباد کار بم دھماکے کا مرکزی ملزم اور پشاور کے چمکنی کے علاقے سے 3 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ پولیس نے رشید آباد دھماکے میں ملوث دہشت گرد 14 سال بعد گرفتار کر لیا۔ دستی بم برآمد کر لئے گئے۔ ملزم نے 2004ء میں بارودی مواد والی گاڑی کو پارکنگ میں لا کر دھماکہ کیا تھا۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ دولت گیٹ رانا ظہیر بابر اور سب انسپکٹر سلامت علی کی سربراہی میں پولیس کی خصوصی ٹیم نے 2004ء میں رشید آباد میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دہشت گرد محمد علی عرف بلال عرف آصف عرف علی کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ دہشت گرد نے بارود والی گاڑی جلسہ گاہ کی پارکنگ میں لا کر دھماکہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں 42 افراد شہید اور 150 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گرد کا تعلق فقہ جعفریہ سے ہے اور اس نے دو ہینڈ گرنیڈ دربار شاہ شمس کے عقب میں چھپا رکھے تھے جو کہ پولیس نے قبضہ میں لے کر ناکارہ بنا دئیے ہیں اور تھانہ لوہاری گٹ میں ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 8/18 درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم سے تحقیقات کے بعد اسے جیل بھجوادیا ہے۔ پشاور پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے فائرنگ تبادلے کے بعد کھنڈر نما مکان سے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ، غیر ملکی کرنسی اور دیگر دھماکہ خیز آلات برآمد کرلئے، ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہے۔محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور سے جاری بیان کے مطابق بدھ کے روز مخبر کی اطلاع پر پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چمکنی یاسین آباد میں ایک کھنڈر نما مکان پر چھاپہ مارا ، اس دوران مکان میں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس سے اہلکار محفوظ رہے تاہم بھرپور جوابی کارروائی کے دوران مکان میں موجود تین افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے دو پستولیں، 3 کلو گرام بارودی مواد، بال بیئرنگ، 3راکٹ گولے، راکٹ لانچر،3 فٹ پرائمہ کارڈ، 2 سیفٹی فیوزس، 2 الیکٹرک ڈیٹونیٹر، کارتوس اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، بیان کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے نام محمد امین ولد محمد علی ساکن ایبٹ آباد، جم دالی ولد محمد ظاہر ساکن ارمڑ اور عابد ولد گل رحمن ساکن چارسدہ بتلائے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور پشاور میں تباہی پھیلانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
ملتان: رشید آباد کار بم دھماکے کا مرکزی ملزم 14 سال بعد‘ پشاور سے 3 دہشت گرد گرفتار
Jan 04, 2018