اسلام آباد (آئی ا ین پی) وفاقی دارالحکومت میں سیاسی‘ مذہبی اور سماجی مظاہروں‘ دھرنوں اور جلسے جلوسوں سے نمٹنے کے لئے 586 اہلکاروں پر مشتمل پہلی اینٹی رائٹ فورس قائم کردی گئی۔ اس فورس کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کی خصوصی تربیت دی گئی ہے‘ پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب کے موقع پر اینٹی رائٹ فورس نے حاصل کی گئی ٹریننگ کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ بدھ کو وفاقی دارالحکومت میں سیاسی‘ مذہبی اور سماجی مظاہروں‘ دھرنوں اور جلسے جلوسوں سے نمٹنے کے لئے 586 اہلکاروں پر مشتمل پہلی اینٹی رائٹ فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال مہمان خصوصی تھے جبکہ فورس کی جانب سے مہارت کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ فورس کو تربیت دینے والے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو وزیر داخلہ نے تعریفی اسناد اور شیلڈز دیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ 586 پولیس افسران پہلے دستے میں پاس آٹ ہو رہے ہیں اس خصوصی یونٹ کے انچارج اے۔ایس پی ہوں گے پہلے مرحلے میں یونٹ میں دو ہزار اہلکار شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونٹ کو جدید آلات کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ۔سے فنڈز مانگے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں دھرنوں اور جلسے جلوسوں سے نمٹنے کیلئے پہلی اینٹی رائٹ فورس قائم
Jan 04, 2018