اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے درختوں کی کٹائی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت میں چیف سیکرٹری،سیکرٹری ماحولیات سیکرٹری مائننگ کے پی کے کو آج جمعرات کو طلب کرلیا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس میا ں ثاقب نثار نے ریمارکس د یتے ہوئے کہا کہ دوہزار اٹھارہ میں سپریم کورٹ کا مقصد تعلیم اور صحت کے نظام کو بہتر کرنا ہے۔ سماعت چیف جسٹس میا ں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ماحولیات کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہونی چاہیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ سب ملی بھگت ہے عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوتا لیکن اب ہمارے حکم پر سب کوعمل کرنا ہوگا چاہے انتظامیہ ہو یا کوئی اور ہوحکم پر عمل ہو گا، عدالت کے متحرک ہونے کے بعد سب متحرک ہوتے ہیں کب تک ہم وعدے کرینگے،کب تک لوگ ہمیں ہمارے وعدے یاد کروائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2018 میں سپریم کورٹ کا مقصد صحت اور تعلیم کے نظام کو بہتر کرنا ہے، خیبر پی کے میں لیزکی بہت شکایات ہیں کٹاس راج کیس میں بھی خوبصورت پہاڑوں کوتباہ کردیاگیا ہے بے، ضابطگیاں دیکھیں تو بوجھ سیکرٹری صاحبان پر ہو گا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔