اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی مثبت پالیسیوں سے بجلی بحران پر قابو پایا‘ ہمارے پاس گیس سے چلنے والے اچھی کارکردگی کے حامل پلانٹس ہیں‘ بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے پر کام کررہے ہیں۔ بدھ کو کامسیٹس میں نیٹ میٹرنگ فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ ایک نیا تصور ہے جو توانائی کے شعبے کا سنگ میل ہے۔ نیٹ میٹرنگ سے بجلی کی طلب و رسد پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ نیٹ میٹرنگ کے لئے بڑے پیمانے پر آلات درآمد کئے گئے ہیں۔ نیٹ میٹرنگ کے نظام سے لائن لاسز میں کمی ہوگی‘ سستی توانائی میسر آئے گی انفرادی طور پر بجلی پیدا کرنے والے فالتو بجلی حکومت کو فروخت کرسکیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ فضائی آلودگی سے بچائو کے لئے 2030 تک گرین گیس کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے سخت محنت سے توانائی کی قلت پر قابو پایا ہے ابھی ہمیں بجلی کی فراہمی کا بہتر نظام کرنا ہے۔ بجلی چوری اور گردشی قرضے پر قابو پانا ہے حکومت نے بجلی کی پیداوار کے سلسلے میں مستقبل کے لئے اہداف مقرر کئے ہیں۔ بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے اہداف مقرر کئے ہیں، بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنائیں گے، شمسی توانائی سے سستی بجلی کے حصول کے لئے کام کررہے ہیں، نیٹ میٹرنگ کے نظام کو آسان کیا جائے گا۔ صارفین کے لئے نیٹ میٹرنگ آسان اور مشکلات سے پاک بنا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے پاور ڈویژن نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے انفرادی طور پر ملاقاتیں کرنے اور روابط بڑھانے کا فیصکہ کیا ہے۔ تاکہ نہ صرف ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے بلکہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل بھی حل ہوں۔ ان اجلاسوں میں پاور سیکٹر کے تمام سٹیک ہولڈرز جن میں پی پی آئی بی، اے ای ڈی بی اور این ٹی ڈی سی بھی شامل ہوں گئے۔ یہ بات وفاقی وزیر اویس لغاری نے گزشتہ روز اسلام آباد میں چین کے سفیر مسٹر یاو جنگ سے ملاقات کے درمیان کہی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کرا ئی کہ چین پاکستان میں توانائی کے شعبے میں مزید تعاون کرے گا۔ یاؤ جنگ نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی کامیابی سے سی پیک کا منصوبہ مزید ثمر آدر ثابت ہو گا۔