لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری محکمہ جاتی ون ڈے ٹورنامنٹ میں واپڈا کے کامران اکمل نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ڈبل سنچری سکور کر ڈالی۔ حبیب بنک کے خلاف میچ میں واپڈا ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈبل سنچری کی مدد سے اپنی ٹیم کو سات وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ تفصیلات کے مطابق نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں حبیب بنک نے پہلے کھیلتے ہوئے احمد شہزاد کی سنچری کی بدولت 47 اوورز کے کھیل میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے احمد شہزاد نے 110، عمران فرحت نے 63 جبکہ زوہیب خان نے 59 نمایاں رنز بنائے۔ واپڈا کے زاہد منصور نے چار جبکہ محمد عرفان اور وقاص مقصود نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں کامران اکمل کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت واپڈا ٹیم نے 45.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز بنا کر میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ کامران اکمل نے 148 گیندوں پر 27 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 200 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان بٹ نے 59 اور عامر سجاد نے 40 (ناٹ آوٹ) رنز بنائے۔ حبیب بنک کی جانب سے محمد بلال نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ این بی پی سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کے آر ایل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ کے آر ایل ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 177 کے سکور پر آوٹ ہو گئی جس میں نعمان علی 31 اور حسن رضا 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ باولنگ میں نیشنل بنک کے بلال آصف نے تین اور کامران غلام نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 178 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیشنل بنک کی ٹیم 168 پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان علی 40 اور کامران غلام 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صدف حسین نے تین اور علی شفیق نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔