ممبئی(این این آئی)آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد بھارت نے بھی پاکستان میں شیڈول ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت سے انکار کردیا۔بھارتی وزارت خارجہ نے انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کی کلیرئنس نہ دی جس کے بعد ورلڈ بلائنڈ کپ کے میچز پاکستان سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیئے گئے۔بنگلادیش اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور نئے شیڈول کے مطابق پاکستان کی سر زمین پر اب 6 کے بجائے صرف تین میچز ہوں گے۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچز یو اے ای منتقل کرنے کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کی وزارت خارجہ نے اپنی ٹیم کے پاکستان میں شیڈول میچز کو بھی یو اے ای منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ابتداء میں بھارتی مطالبہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا جس کا افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان قذافی اسٹیدیم لاہور میں رکھا گیا ٗاس کے علاوہ بھارت کے نیپال اور بنگلادیش کے ساتھ میچز بھی فیصل آباد میں شیڈول کردئے۔بھارتی ٹیم کسی بھی صورت پاکستان آنے کیلئے تیار نہ ہوئی تو ایونٹ شروع ہونے سے دو روز پہلے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے شیڈول میچز یو اے ای منتقل کردیئے۔نئے شیڈول کے تحت ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان 7جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے لئے بنگلادیش کی ٹیم کل کراچی پہنچے گی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا میچ 12 جنوری کو عجمان میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان میں ہی شیڈول ہے اگر بھارت، انگلینڈ یا آسٹریلیا میں سے کوئی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تو فائنل شارجہ میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔