کرپشن ریفرنس: ارباب عالمگیر، عاصمہ کی احتساب عدالت پیشی، 10 جنوری کو فرد جرم لگے گی

Jan 04, 2019

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاورکی احتساب عدالت کے جج اشتیاق احمد نے پیپلزپارٹی کے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر پر فردجرم عائد کرنے کےلئے 10جنوری کوطلب کرلیاہے ارباب عالمگیر اور انکی اہلیہ عاصمہ عالمگیر جمعرات کے روز احتساب عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے انہیں غیرقانونی اثاثوں سے متعلق ریفرنس کی نقول فراہم کیں جس کے تحت ارباب عالمگیراوران کی اہلیہ عاصمہ عالمگیرپر33کروڑ روپے سے زائد مالیت کے غیرقانونی اثاثے بنانے کاالزام ہے۔ عاصمہ عالمگیر نے کہا ہے کہ اگر میرا دامن صاف نہ ہوتا تو عدالت سے خود رجوع نہیں کرتی،ہم احتساب کے عمل کے قطعاً خلاف نہیں لیکن احتساب کے نام پر استحصال انصاف نہیں ہونا چاہیئے، حق سچ احتساب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نیب چارسالوں تک ہم پر کوئی سرکاری خرد برد ثابت نہ کرسکا،صرف حساب کتاب کے فرق پر ہمیں ملک آنے نہیں دیا جا رہا تھا،قومی احتساب بیورو 30کروڑ ثابت کردیں ہم ٹرائل کے لیے تیار ہیں۔ نیب ہمارا ریکارڈ 1947 سے چیک کرے، اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں عدالتیں ہیں ورنہ ہمیں ملک آنے نہیں دیا جا رہا تھا، کیا یہ قانون صرف ہمارے لئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔عاصمہ عالمگیر نے کہا کہ عمران خان جو کہ وزارت داخلہ کا قلمدان بھی انکے پاس ہے ہمیں باہر جانے کی اجازت نہ دیکر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،علیمہ خان کا نام بھی ای سی ایل پر ڈالنا چاہیے جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اعلی محمود خان کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنا چاہیے مگر یہ قانون صرف ہمارے لئے نکالا گیا ہے۔احتساب کا پیمانہ ایک ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں