مشیر کی کمپنی کو کنٹریکٹ دینا اقربا پروری نہیں : مسلم لیگ ن ‘ پی پی : واوڈا نے ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنیکا مطالبہ مسترد کر دیا

Jan 04, 2019

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ڈیمز کے خلاف سازش کر رہے ہیں، یہ عناصر ڈیمز کو متنازعہ بنا کر ترقی کو روکنا چاہتے ہیں لیکن وہ ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، 'ڈیم، ملک اور میرے لیے زندگی ہے، اس سے قطعی طورپر پیچھے نہیں ہٹوں گا'، 'ہم وہ نہیں جو کمشن کے لیے کام کرتے ہیں، نہ ہم ایون فیلڈ اپارٹمنٹ بناتے ہیں اور نہ ہی گھر بیٹھے شوگر ملز بناتے ہیں'، 'ڈیم کے کنٹریکٹ میں ہر چیز میرٹ پر ہوئی ہے، اگر کسی کو تحقیقات کرانا ہے تو سو بسم اللہ'۔ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر کی بد کلامی سے اب صحافی برادری بھی محفوظ نہیں، میڈیا کے سوالات کا جواب دینا حکومتی ارکان کی ذمہ داری ہے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں بنیادی فرق اخلاقیات کا ہے، سندھ کابینہ کے تمام ارکان مہذب اور شائستہ لہجہ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہیں۔ جمہوریت کا بنیادی اصول اختلاف رائے کو برداشت کرنا ہے، بد کلامی اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنا سیاست نہیں۔ مہمند ڈیم کا کنٹریکٹ کن اصولوں پر وفاقی مشیر کی کمپنی کو دیا گیا؟ اپنے مشیر کی کمپنی کو ڈیم کا کنٹریکٹ دینا کیا اقربا پروری نہیں؟ پہلے تو کہتے تھے ہم اقربا پروری کا خاتمہ کریں گے اب دوستوں کو نوازنے کے لیے یوٹرن لئے جارہے ہیں۔ چوری کے مینڈیٹ پر آئی حکومت نے سو دن تو پورے کر لئے اب یوٹرن کی سنچری بھی تکمیل کے قریب ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ جس کا جو کام ہے وہ نہیں کرتا بلکہ ہر کوئی مقناطیس لگا کر طاقت کھینچنا چاہتا ہے، احتساب کے قانون میں ترمیم ناگزیز ہے، 90 دن کا ریمانڈ ختم کیا جائے، قومی ایجنڈا بنانا پڑے گا، پاکستان کو شدید خطرات کا سامنا ہے، اگر سیاست دانوں نے دست و گریبان ہونے کا سلسلہ بند نہ کیا تو پھر کچھ نہیں بچنا، اداروں سے بات کرنا پڑے گی۔ مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کا عمل ہمارے دور میں شروع ہوا، اگر ڈیسکون کو ٹھیکہ ملا ہے تو رزاق داﺅد کو وزارت لینی ہی نہیں چاہیے تھی اور اب ڈیسکون پیچھے ہٹے یا رزاق داﺅد ودڈرا کریں جب کہ پاکستان میں ڈیمز کی اشد ضرورت ہے، (ن) لیگ اس کی مخالفت نہیں کر رہی۔ ہم نے تو بھگت لیا اگر تحریک انصاف نے ترمیم نہ کی تو بھگتے گی۔ نیب کالا قانون ہے،اب شاہد خاقان عباسی کے خلاف شکایت آئی ہے، یہ کون محب وطن پاکستانی ہیں جو گمنام درخواستیں دیتے ہیں، ایسے لوگوں کا پتہ لگنا چاہیے جب کہ میں تو جہانگیر ترین کو نا اہل کیے جانے پر خوش نہیں تھا۔ یہ سلسلہ رکنا چاہیے ورنہ سب سیاست دان جیل میں ہوں گے، حکومت کے پانچ سال پورے کرنے سے زیادہ اہم قومی سلامتی ہے، جمہوریت کو پروان چڑھایا جائے گھیرا نہ ڈالا جائے، سیاست سے جبر ختم کیا جائے، سیاسی جماعتوں میں جمہوریت لائی جائے۔ ملک میں دو قوانین چل رہے ہیں، تحریک انصاف کے وزرا پر بھی الزامات ہیں کس نے استعفیٰ دیا اور مراد علی شاہ منتخب وزیر اعلی ہیں، ان سے کیسے استعفیٰ مانگا جا سکتا ہے جب کہ ہم بھائیوں پر بھی بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ شیخ رشید کے ریلوے کے حوالے سے مجھ پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ ڈیسکون کو دینا انتہائی غیر اخلاقی ہے اور یہ ایک بہت بڑے سکینڈل کی ابتدا ہے جس کی شفاف طریقے سے تحقیقات ہونی چاہئے۔ شیری رحمان نے فیصل واوڈا سے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی سے متعلق بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے شیری رحمن نے کہا کہ پی اے سی اجلاس میں فیصل واوڈا کے بیان کا جائزہ لیا جائےگا پی اے سی کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

واوڈا / مسلم لیگن / پی پی

مزیدخبریں