نیب نے وزیراعلی سندھ کو آج طلب کر لیا‘ قائم علیشاہ کو بھی حاضری کی ہدایت

Jan 04, 2019

اسلام آباد+کراچی (نامہ نگار +نوائے وقت نیوز) نیب نے ملیر ندی اراضی کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آج طلب کر لیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو بھی کراچی دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نیب کراچی نے آج دوبارہ طلب کیا ہے۔ انہیں ملیر ندی اراضی سکینڈل میں بلایا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی وزیراعلیٰ سندھ نیب میں پیشی بھگت چکے ہیں۔ نیب نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھی حاضر ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ نیب ملیر ندی اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کر رہا ہے‘ تاہم قائم علی شاہ نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی اپیل بھی کر رکھی ہے۔نیب کراچی نے اراضی کی جعلی الاٹمنٹ میں ملوث سابق ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد کو گرفتار کر لیا ہے، انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملیر کی حیثیت سے سیکٹر 31، سکیم 33 کراچی میں 27 سرکاری اراضی کو غیر قانونی طریقہ سے الاٹ کیا۔ مذکورہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے (آج) جمعہ کو احتساب عدالت کراچی میں پیش کیا جائے گا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ ہا¶س سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو آج نیب کی طلبی کا کوئی نوٹس نہیں ملا۔ ترجمان عبدالرشید چنا نے کہا اگر نوٹس ملا تو قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد جواب دیا جائیگا۔

نیب/ وزیرعلیٰ سندھ

مزیدخبریں