پاکستان اور ترکی نے افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم کیا ہے: شاہ محمود قریشی

Jan 04, 2019 | 19:16

ویب ڈیسک

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب سے ملاقات کی ہے جس میں افغانستان کے مسئلے کے پر امن حل کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انقرہ میں ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ کو افغانستان میں قیام امن کے لیے دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور دونوں ممالک نے افغانستان کے مسئلے کے پر امن حل کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان اور کشمیر سمیت عالمی امور پر پاکستان اور ترکی کے موقف میں یکسانیت خوش آئند ہے، پاکستان اور ترکی کے تعلقات حکومتوں تک محدود نہیں، ہماری محبت کے پیچھے ثقافت، مذہب اورعوام کی محبت کار فرما ہے۔ملاقات کے موقع پر ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے اور ترکی افغان امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا معترف ہے۔

مزیدخبریں