تتہ پانی( نامہ نگار)لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹر میں بھارتی افواج کی دوبارہ شدید گولہ باری، متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا اور مویشی زخمی، عوام گھنٹوں گھروں میں محصور رہے، نماز جمعہ بھی ادا نہ کر سکے، پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی نے دشمن کی گنوں کے منہ بند کردئیے، سیاسی وسماجی رہنمائوں کی بھارتی افواج کی جارحیت کی پرزور مذمت۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ پھر بڑھ گیا ہے ، جمعہ کے روزدو پہر کے قریب دوبارہ بھارتی افواج نے اچانک ہیوی گنوں سے شدید گولہ باری شروع کردی اور اس سیکٹر کے سویلین آبادی کے علاقوں بٹالی،کٹھار،سہنی ، ندھیر ی، کنیٹ ، برموچ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں محمد یعقوب ولد دین محمدساکن بٹالی سمیت متعد ددیگر افراد کے مکانوں کو نقصان پہنچا ،اور مویشی زخمی ہوئے،گولہ باری کے باعث عوام گھنٹوں اپنے گھروں میں محصور رہے ،نمازجمعہ بھی ادا نہ کر سکے،پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی نے دشمن کی گنوں کے مُنہ بند کردئیے،گزشتہ شب ہونے والی گولہ باری کے نتیجہ میں برموچ کے مقام پر ساجد چوہدری ، وحید چوہدری ، محبوب حسین کے مکانات متاثر ہوئے اور گھر کے اندر سوئے ہوئے محمد جاوید ولد دائود احمد مکان کی چھت سے گرنے والے ملبے کی زد میں آکر زخمی ہو گئے ،دریں اثناء ممبر اسمبلی وسابق سنیئر وزیر ملک محمد نوازخان اور دیگرسیاسی وسماجی رہنمائوں کی بھارتی افواج کی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے ۔