اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ)پاکستان نے امریکی فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطی میں حالیہ پیشرفت پر پاکستان کو گہری تشویش ہے جس کے باعث خطے میں امن اور استحکام کو سنگین خطرہ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصول ہیں جن پر عمل کیا جانا چاہیے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یکطرفہ اقدامات اور طاقت کے استعمال سے بچنا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں دفتر خارجہ کی جانب سے تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تعمیری انداز میں رابطہ کریں اور سفارتی سطح پر معاملات حل کریں۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے امن کو شدید خطرہ، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں: پاکستان
Jan 04, 2020