اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 200ملین ڈالر کی سپورٹ معاشی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا آئینہ دارہے۔ دورہ برادرانہ تعلقات اور وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 200 ملین ڈالر کی سپورٹ معاشی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 150 روز سے جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ بھارتی متنازع شہریت قانون اور این آر سی پر روشنی ڈالی، دونوں قائدین نے دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔