دنیا سال نو کا جشن منارہی ، کشمیری بھارتی جبر جھیل رہے ہیں ، امریکہ مظالم بند کروائے: اسد مجید

Jan 04, 2020

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ امریکا مقبوضہ کشمیر کے باسیوں پر جاری بھارتی مظالم بند کرائے، مقبوضہ کشمیر میں 5ماہ سے بھارتی لاک ڈائون جاری ہے۔امریکی اخبار میں ایک مضمون میں انہوں نے کہا کہ دنیا سال نو کا جشن منارہی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی جبر جھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کئی تجاویز پیش کیں، امریکی کانگریس کے متعدد ارکان صورتحال کو سنگین انسانی بحران قرار دے چکے ہیں۔ بھارت جعلی خبر کی سائبر مہم کے ذریعے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے جبکہ غیر ملکی مبصرین، صحافیوں، کانگریس اراکین کو بھی کشمیر میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، کشمیر سے متعلق بھارت کی ساکھ پر کسی بھی طرح کا اعتماد غلط ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام 5 مہینوں سے محاصرے کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، لاک ڈائون کے باعث کشمیری معیشت کو4 2. ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔

مزیدخبریں