اسلام آباد (صباح نیوز) ملک بھر میں کڑاکے کی سردی جاری ہے۔ کراچی میں سائبیرین ہوائوں کا راج ہے تو میرپورخاص اور ٹنڈو الہ یار میں درجہ حرارت 5سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ چترال، وادی نیلم اور لیپہ سمیت بالائی علاقوں میں 8 انچ برف پڑ چکی ہے۔ کراچی میں جاڑے نے دھوم مچا رکھی ہے، سائبیرین ہوائوں کا سامنا کرنے والے شہریوں کو محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے بارش کی نوید بھی سنا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اور 7 جنوری کو کراچی میں بارش کا امکان ہے۔ شدید ٹھنڈ کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک بھی کم رہی۔ گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ شہر کا کم سیکم درجہ حرارت ساڑھے 9 ڈگری پر جا پہنچا۔ کراچی میں سردی کی لہر جنوری کے وسط تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ چترال اور گردونواح میں بھی برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا، لواری ٹنل کے اپروچ روڈ پر 2 فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی جس کے باعث آمدورفت بھی معطل رہی۔ وادی نیلم اور لیپہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ آئندہ 12گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف شانگلہ میں وقفے وقفے سے برف باری نے نظام زندگی کو متاثر کردیا۔ اکثر نجی تعلیمی اداروں میں حاضری معمول سے کم رہی۔ ضلع بھر کی بالائی لنک سڑکیں بند رہیں، مین سڑک پر جگہ جگہ سلائیڈنگ اور برف کی صفائی نہ ہونے سے ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ اکثر علاقوں میں واپڈا کی بجلی کا نظام درہم برہم، وادی تاریکی میں ڈوب گئی۔ برف باری سے مختلف ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی، گاڑیاں پھنس گئیں۔ آج بروز ہفتہ بھی وادی شانگلہ میں مزید برف پڑنے کا امکان ہے۔
کڑاکے کی سردی‘ سائبیرین ہوائیں‘ بالائی علاقوں میں 8 انچ تک برفباری
Jan 04, 2020