ملتان (سماجی رپورٹر) حضرت شاہ رکن الدین عالم سہروردیٍٍؒ کا 706واں عرس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اختتامی نشست میں سجادہ نشین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی۔ عرس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یہ خطہ بڑی مشکلات کا شکار ہے۔ پاکستان کی مشرقی اور مغربی سرحد پر تناؤ کی صورتحال شدت اختیار کرگئی ہے۔ خطہ کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کے مسائل میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت مسلم امہ بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمان شدید قرب میں مبتلا ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور وہاں کھلم کھلا آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے زائرین کے لئے ویزوں کا حصول ناممکن بنا دیا ہے۔ بھارت کے مکین جماعت غوثیہ کے کارکنان وہاں عرس کی تقریبات منانے پر مجبور ہیں۔ وزیر خارجہ نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یااللہ ہمارے خطہ اور بالخصوص پاکستان کی حفاظت فرما۔ میں دعا کرتا ہوں کہ آستانہ شاہ رکن الدین عالم پر آنے والے زائرین خالی ہاتھ نہ جائیں۔