خیبرپی کے سے خواتین اراکین صوبائی اسمبلی کے وفد کو احساس پروگرام پر بریفنگ

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) خیبرپی کے سے خواتین اراکین صوبائی اسمبلی کے دس رکنی وفد کو اسلام آباد میں وزیر اعظم کے ’احساس‘ پر بریفنگ دی گئی۔ وفد میں عائشہ نعیم، رابیعہ بصری، زینت بی بی، مدیحہ نثار، ماریہ فاطمہ، ساجدہ حنیف، ڈاکٹر آسیہ اسد، عائشہ بانو، آسیہ خٹک اور ڈاکٹر سمیرا شمس موجود تھیں ۔ اس دس رکنی وفد نے رکن قومی اسمبلی نفیسہ عنایت اللہ خٹک کی سربراہی میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ملاقات کی ۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سیکرٹری علی رضا بھٹا نے صوبائی وفد کو بریف کیا۔ بریفنگ کا مقصد خیبر پختونخواہ کی اراکین صوبائی اسمبلی کو احساس پروگرام کے منصوبوں اور اقدامات سے متعلق آگاہ کرنا تھا تاکہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کیساتھ اہم اقدامات پر باہمی تعاون کے حوالے سے کام کیا جاسکے۔ڈاکٹر نشتر نے انہیں احساس پروگرام کی تفصیلات اور بالخصوص وفاقی و صوبائی اشتراک سے متعلق معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے احساس پروگرام کے ان اقدامات کی تفصیلات بتائیں جن پر عملدرآمد کیا جاچکا ہے جیسے احساس بلاسود قرضے، احساس لنگر اور احساس انڈرگریجویٹ سکالر شپس ۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کیلئے جلد اجرا ء کئے جانے والے احساس ویپ پیج کے بارے بھی آگاہ کیا۔ اس ویب پیج کے ذریعے وفاقی صوبائی اسٹیک ہولڈرز احساس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے حصہ لینے کے قابل ہوں گے جیسے بلاسود قرضے، انڈرگریجویٹ اسکالرشپس، لنگر وغیرہ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے انہیں احساس کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو قومی سماجی و معاشی رجسٹری (این ایس ای آر) سروے کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا کہ کہ یہ جلدہی خیبر پختونخواہ میں صوبائی حکومت کے اشتراک سے شروع کیا جائے گا اور بتایا کہ ڈیٹا کس طرح سے اکٹھا کیا جائیگا۔ ڈاکٹر نشتر نے یقین دہانی کرائی کہ جب این ایس ای آر سروے مکمل ہوجائے گا تو یہ ڈیٹاصوبے کو مفت دستیاب ہوگا۔ خواتین اراکین صوبائی اسمبلی نے احساس پروگرام کو سراہا اور احساس این ایس ای آر سروے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کیلئے احساس ویب پیج کی خصوصیات کی تعریف کی جس سے انہیں مکمل طور پر مستفید ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے احساس پروگرام کیلئے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی کہ اس پروگرام کے فوائد مستحقین تک پہنچائے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن