مذہبی امور کے وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آزمودہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں ۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ضرورت مندوں کی مدد اور تعاون میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔تقریب کا اہتمام شدید سردی سے متاثر شمالی علاقہ جات اور کشمیر کے دوہزار سے زائد خاندانوں میں امدادی سامان کی تقسیم کیلئے کیاگیاتھا۔وفاقی وزیر نے بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں اور مسلمانوں پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں اور ان کے خلاف امتیازی قوانین بنائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو خطے میں امن کیلئے اپنا کردارادا کرتا رہے گا.