اسلا موفوبیالی کی عالمی لہر قابل مذمت، بلوچستان لہو لہان،سازشیں عروج پر ہیں

Jan 04, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے اپنے اجلاس میں مسائل امت بارے منظو ر کی گئی اپنی قرار داد میںدنیا کے مختلف ممالک میں پیدا کی جانے والی اسلاموفوبیا کی لہر نیز منصوبہ بندی کے ساتھ محمد  ﷺ اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کی سازشوں کی بھرپور مذمت کی ہے۔ اجلاس کے صدارت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کی۔ قرار داد میں کہا گیاکہ رسول اللہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے دو ارب سے بھی زیادہ انسانوں کے محبوب رہنما ہیں، مسلمان اُن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں او ران کے ایک ایک عمل کو مقدس سمجھتے ہیں، دُنیا کا کوئی اور رہنما محمدﷺ کی طرح انسانوں کا محبوب نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں فرانس کی حکومت کی جانب سے پیغمبر اسلام کے اِہانت آمیز خاکے بنانے کی مہم سے فرانس ہی کے نہیں دُنیا کے تمام مسلمانوں کی انتہائی دل آزاری ہوئی ہے۔ یہ اجلاس فرانس کی حکومت کے یک طرفہ، غیر اخلاقی، غیر منطقی مبنی بر نفرت، متعصبانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ انسانی آزادی کی آڑ میں انسانی بنیادی حقوق سے اعراض کرنے کے عمل اور دین اسلام، قرآن کریم اور نبی محترم محمد ؐ کے خلاف گستاخانہ کلمات، تبصروں، بیان بازی اور خاکے شائع کرنے کے سلسلے کو تمام ممالک میں بند کیا جائے۔ معاملہ میں حکومت پاکستان کی خاموشی قابل مذمت ہے اور یہ اجلاس مطالبہ کرتاہے کہ حکومت پاکستان فرانس سے سفارتی و تجارتی تعلقات کو منجمد کرے۔ اجلاس میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ کسی بھی صورت میں اسرائیل کی ریاست اور حکومت کی تسلیم نہ کرے۔ جماعت اسلامی پاکستان کا یہ اجلاس آذربائیجان کے خلاف آرمینیا کی حکومت کی فوجی کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے، حکومتِ آذربائیجان اور اس کے دفاعی اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ مجلس شورٰی مصر میں جاری علماء، سیاسی کارکنان اور اسلامی تحریک کے کارکنان کو پھانسیاں دینے، گرفتاریوں اور پرتشدد کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ بے گناہ بچوں، بوڑھوں، عورتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی بے انتہا بڑھ رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ امریکی اشارے پر عملدرآمد کرنے والی حکومت مصر اپنے ہی بے بس عوام کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے، اپنے شہریوں کے تمام انسانی بنیادی حقوق بحال کرے۔ اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والی قیادت کو پھانسیاں اور سزائیں دینے کا سلسلہ ختم کیا جائے اور انہیں جیلوں سے رہا کیا جائے۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان کی حکومت افغانستان کی نمائندہ حکومت، طالبان اور دیگر جماعتوں کے ساتھ بھرپور سفارتی تجارتی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے تاکہ اسلامی افغانستان خود مختار ملک کے طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔دریں اثناء منصورہ میں مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب اور وفود سے گفتگو کے دوران سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران عوام پر رحم کریں اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ نئے سال کے آغاز پر دو اندوہناک حادثات نے قوم کوہلا کر رکھ دیا ہے۔ بلوچستان لہو لہان، سازشیں عروج پر ہیں۔ مچھ میں گیارہ کان کنوں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ حکومت غریب شہدا کے اہل خانہ کی ہر ممکن مالی مدد کرے اور سازش کو بے نقاب کرے۔ انہوں نے واقعہ کے پیچھے سازش کو بے نقاب کرے ۔

مزیدخبریں