ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کا خواب زندہ تعبیر ہوگا۔ یہاں کے عوام کا مستقبل روشن ہے۔ ملتان میںجنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے معاملے پر بہت تنقید ہوئی۔ بہت باتیں ہوئیں‘ ہم نے پہلے کہا تھا کہ ملتان جنوبی پنجاب کااہم شہر ہے اور یہاں پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنے گا اور جلد ہی وزیراعظم پاکستان ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے آرہے ہیں۔ ملتان کا سیوریج نظام ناقص اور پینے کو صاف پانی میسر نہیں۔ وزیراعظم پاکستان سے گزارش کرونگا اس ـضلع نے پی ٹی آئی کی جھولی میں 6ایم این اے کی سیٹیں ڈالی ہیں اور تحریک انصاف کو منفرد کامیابی دی عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ملتان کے لئے ایک بہت بڑے ترقیاتی پیکج کی منظوری دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیو ملتان میں مدنی چوک تا الفلاح مارکیٹ فلائی اوور کے میگا منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا بھارت پاکستان میں افرا تفری اور انتشار پھیلا کر عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ہم نے ڈوزیئر کے ذریعے بھارت کے ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشحیر کی اور ہندوستان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا۔ ڈس انفو لیب نے انکشاف کیا کے 750جعلی ویب سائٹ کے ذریعے بھارت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور منصوبہ بندی کررہاہے۔ کچھ قوتیں پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر نقصان پہنچاناچاہتی ہیں۔ہمیں ایسی قوتوں کو بے نقاب کرنا ہوگا اور انہیں شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا وہ قوتیں جو انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں وہ پاکستان کی دشمن قوتیں ہیں۔ ہمیں ایسی قوتوں کامقابلہ کرنا ہوگا۔