کالا شاہ کاکو (آن لائن) تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ حالات حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں ، فوری طورپر دوبارہ عام انتخابات کا اعلان یا قومی حکومت تشکیل دی جائے ،غلط حکومتی پالیسیوں کے سبب صوبوں اور وفاق میں اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالا شاہ کاکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی راہنما میاں محمد افضل بھی انکے ہمراہ تھے۔ رحمت خان وردگ کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب کسان تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، فصلوں کا معقول معاوضہ نہ ملنے کے سبب کسان شدید پریشانی سے دوچار ہے، مہنگی کھادیں، ادویات ، بیج خریدنے کے باوجود کسان پورا سال محنت کرکے بھی بھوکا ہے۔ زرعی زمینوں پر ہائوسنگ سوسائیٹیوں کو اگر نہ روکا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب پوری قوم اناج کیلئے در بدر پھرتی نظر آئیگی۔